سائنس میں ترقی قومی ترقی کے لیئے اشد ضروری ہے، ڈاکٹر قیصر مجید ملک

آج کے دور میں وہی قومیں دنیا میں آگے ہیں جو سائنس کے میدان میں آگے ہیں اور سائنس میں ترقی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،چیئرمین پاکستان سائنس فاونڈیشن

منگل 26 جون 2018 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) پاکستان سائنس فاونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے کہا ہے کہ آج کے دور میں وہی قومیں دنیا میں آگے ہیں جو سائنس کے میدان میں آگے ہیں اور سائنس میں ترقی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،پاکستان کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے مستحکم کرنے کے لئے نوجوان نسل کو سائنس میں علوم حاصل کرنے ہوں گے ، نئی جدت کو اپنانا ہوگا ، عصر حاضر سے مقابلے کرنے کرنے کیلئے پاکستان کی نوجوان نسل تیارہے ،پاکستان نے دنیا میں مہذب اقوام میں بہترین مقام حاصل کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بہترین سائنس پروجیکٹ کی تیار ی کے عنوان پر دو روزہ ورکشاپ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں سائنس میں ترقی کی بدولت پاکستان نے ایک منفرد مقام حاصل کیا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ بین الاقوامی طاقتوں کے مقابل کھڑا ہونے کے لئے جدید سائنسی علوم میں ترقی کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل سائنس کے جدید علوم حاصل کرنے کے لئے انتھک محنت کرے تاکہ پاکستان کو اقتصادی ومعاشی کے علاوہ سائنسی علوم میں منفرد مقام دلایا جاسکے ۔

ورکشاپ میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں سے سائنس دان شرکت کررہے ہیںتا کہ انہیں بہترین سائنسی پروجیکٹ کی تیار ی اور ترجیحی پروجیکٹس سے آگاہی دی جاسکے۔ پاکستان سائنس فاونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر مجید ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان سائنس فاونڈیشن کے مختلف پروگراموں سے لیکچر کے شرکاء کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پایئدار ترقی اور دور حاضر کے مسائل سے نمٹنے کے لیئے مسلسل تحقیق اور جدت کی ضرورت ہے اور پاکستان سائنس پاکستان سائنس فاونڈیشن اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

کوہاٹ یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی کے پر و وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمان ،پاکستان سائنس فاونڈیشن کے ممبر فنانس تفاخر اسدی اورپاکستان سائنس فاونڈیشن کے سیکرٹری ڈاکٹر راجہ رضی الحسنین بھی اس موقع پر موجود تھے۔