صوبائی حکومت نے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں بلدیاتی نمائندوں کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی

منگل 26 جون 2018 21:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) صوبائی حکومت نے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں بلدیاتی نمائندوں کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی خلاف ورزی ثابت ہونے پرقانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اس ضمن میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب عارف بلوچ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے نوٹیفکیشن نمبر F2(13)2018-cordمیںالیکشن ایکٹ2017کی سیکشن233کے تحت جاری ضابطہ اخلاق کا حوالہ دیتے ہوئے پنجاب بھر کی تمام میٹروپولیٹن کارپوریشنوں ( میونسپل کارپوریشنوں)،ضلع کونسلوں،میونسپل کمیٹیوںاوریونین کونسلوں کے میئر ،ڈپٹی میئر، چیئرمینوں ،وائس چیئرمینوںاورسیکرٹریوں کی جانب سے کسی بھی سیاسی یا آزاد امیدوارکی انتخابی مہم میں کسی طور پر بھی شمولیت و معاونت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کی سیکشن 4کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی الیکشن کمیشن نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت جاری کی تھی کہ عام انتخابات میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کے استعمال روکنے کے لئے فوری طور پر بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اور ان کا انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے۔