پختونوں کی خوشحالی ،خطے پر امن کا قیام اور دورافتادہ علاقوں کی تعمیرو ترقی قومی وطن پارٹی کا منشور ہے ، اس مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی

قومی وطن پارٹی خیبر پختون خوا کے چیئر مین سکندر حیات خان شیرپائو کا عوامی اجتماعات سے خطاب

منگل 26 جون 2018 21:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) قومی وطن پارٹی خیبر پختون خوا کے چیئر مین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پختونوں کی خوشحالی ،خطے پر امن کا قیام اور دورافتادہ علاقوں کی تعمیرو ترقی قومی وطن پارٹی کا منشور ہے اور اس مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرزاڈھیر، چینہ دلدار گڑھی اورتنگی میں الگ الگ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سکندرشیرپائو نے کہا کہ ہوشرباء مہنگائی بیروزگاری اور پسماندگی پر قابو پاناقومی وطن پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی قابل افسوس ہے کہ پختون قوم نے تین مرتبہ ووٹ کے ذریعے تین جماعتوں کو اقتدار میں آنے کا موقع دیا لیکن انہوں نے عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا بلکہ ان کو اپنی ذاتی مفادات کی خاطرنان ایشوز میں الجھادیا جس سے انکے اصل مسائل اور مشکلات جیسے تعلیم ، روزگار، صحت اور امن امان سے انکی توجہ ہٹادی اور دانستہ طور پر صوبہ کو انارکی طرف لے جایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی خطہ میں امن کے پائیدار قیام اور پختونوں کی حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیگی اور اس سلسلے میں کو ئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ جاری بجلی لوڈشیڈنگ انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کرتا ہے جس کا ایک بڑا حصہ دوسرے صوبوں کو بھی دیا جاتا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ مرکزی سطح پر خود خیبر پختونخوا کے عوام اپنے وسائل سے محروم ہے۔

انھوں نے کہا کہ پختون قوم کا ملکی ترقی میں ایک نمایا ں کردار ہے لیکن ان کو نہ تو ان کاجائز حق دیا جا تا ہے اور نہ ہی ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جا تا ہے ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے قیام کا مقصد ہی پختونوں کی فلاح اور بہبود کو یقینی بنانا ہے اور وہ آخری دم تک ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔