مسلم لیگ (ن) کو پارلیمنٹ میں صحیح نمائندگی دینے کے لیے عوام کو اچھے نمائندوں کا انتخاب کرنا ہوگا، عبدالقادر بلوچ

مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان میں متعدد میگاپراجیکٹ شروع کیئے جبکہ سی پیک کے تحت کئی شاہراہیں بنائی گئیں، مسلم لیگ (ن) کاکردگی کی بنیاد پر 25 جولائی کا انتخاب جیت کر ایک مرتبہ پھر ملک میں حکومت بنائے گی، مسلم لیگی امیدوار کی کارکنوں سے گفتگو

منگل 26 جون 2018 22:01

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر اور این اے 268 سے امیدوارلیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ)عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ چاغی خاران اور نوشکی کی تقدیر بدلنے ،مسلم لیگ (ن) کو پارلیمنٹ میں صحیح نمائندگی دینے کے لیے عوام کو اچھے نمائندوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان میں متعدد میگاپراجیکٹ شروع کیئے جبکہ سی پیک کے تحت کئی شاہراہیں بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیئے بات چیت چل رہی ہے جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دورہ دالبندین کے موقع پر مقامی صحافیوں اور ن لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کے دوران انہوںنے گزشتہ دور حکومت میں انہوں نے خاران، واشک اور پنجگور میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کروائے جن سے عام لوگ مستفید ہورہے ہیں انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر این اے 268 کی عوام نے انھیں موقع دیا تو وہ خااران سمیت چاغی اور نوشکی میں بھی ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کاکردگی کی بنیاد پر 25 جولائی کا انتخاب جیت کر ایک مرتبہ پھر ملک میں حکومت بنائے گی۔ دریں اثناء عالمی یوم تدارک منشیات کی مناسبت سے انہوںنے چاغی تیکوانڈو ایسوسی ایشن کے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات بری لعنت ہے جس نے کئی جوان نسلو ں کو برباد کردیا جبکہ معاشرے میں کئی برائیوںکو بھی جنم دیا اس لیئے ہر طبقہ فکر کو منشیات کی تدارک کے لئے اقدامات اٹھاتے ہوئے منشیات کی لت میں مبتلا افراد کی بحالی کے لیئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

سیمینار سے این اے ایف کے فسران، قبائلی و سماجی شخصیات اور چاغی ٹیکوانڈو ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں اس سلسلے میں ایک واک بھی نکالی گئی جو دالبندین شہر کے مختلف شاہراہوں پر ہوتے ہوئے سول کلب میں اختتام پذیر ہوئی۔