الیکشن کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے، نگران وزیر اطلاعات

پر امن اور شفاف انتخابات سے پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت تشخص اجاگر ہو گا، صوبائی الیکشن کمشنر سے گفتگو

منگل 26 جون 2018 22:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان صوبائی حکومت ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملکی و صوبائی سطح پرعام انتخابات کے پر امن اور شفاف انعقاد کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے نہ صرف عوام کو اپنے حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملے گا بلکہ عالمی سطح پر جمہوری طرز عمل اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگرہوگا بعض لوگوں اورسیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن میں تاخیر اور شفافیت کے حوالے سے پائے جانے والے تحفظات بھی دور ہوجائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کے روز صوبائی الیکشن کمشنر نیاز احمد بلوچ سے ملاقات کے دوران کیا ملاقات میں ان کے ہمراہ نگران وزیر داخلہ و جیل خانہ جات آغا عمر احمد بنگلزئی بھی تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر نیاز احمد بلوچ نے نگران صوبائی وزراء کو الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریوں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کے لئے ایک ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا ہے جسکے تحت تمام امید وار ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے الیکشن 2018 کے انعقاد کو صاف شفاف اور پر امن بنائیںتاکہ 25 جولائی کو الیکشن کا یہ اہم مرحلہ احسن انداز سے اپنے اختتام کو پہنچ سکے ۔

انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں صوبے کے تمام علاقوں میں ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ ٹیمیںتشکیل دی گئی ہیں جس کے سربراہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر ہوں گے مذکورہ ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر عملدآمد سمیت دیگر انتظامی امورجن میں امیدواروں کی سیکیورٹی ، حساس جگہوں پر کیمروںکی تنصیب ، با پردہ خواتین کو پولنگ بوتھ سہولیات کی فراہمی کاجائزہ لے کر ہر قسم کی رکاوٹوں کا سدباب کیا جائے گا ۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے ضابطہ اخلاق کی فراہمی کے حوالے سے وضاحت کی کہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ضابطہ اخلاق کی کاپیاں پہنچا ئی گئیں ہیں جبکہ آزاد امیدوار وں کو کاغذات نامزدگی وصول کئے جانے کے موقع پر ضابطہ اخلاق کی کاپیاںفراہم کر دی گئی ہیں انہوںنے اس ضمن میں کہا کہ اگر کسی امیدوار کو ضابطہ اخلاق کی کاپی نہیں ملی ہے تو وہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پرموجود ضابطہ اخلاق کی کاپی حاصل کرسکتے ہیں ۔