Live Updates

این اے 125 میں29 ہزار فوت شدگان کے ووٹوں کا اندراج کر دیا گیا، چیف جسٹس آ ف پاکستان سو موٹو ایکشن لیں

ریٹرننگ افسر نے مریم نواز کے کاغذات کس بنیاد پر منظور کئے، مریم نواز کی بیرون ملک جائیدادیں سامنے آرہی ہیں ، پی ٹی آئی امیدوارڈاکٹر یاسمین راشدکی پریس کانفرنس

منگل 26 جون 2018 22:20

لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر مرکزی رہنما و نامزد امیدوار این اے 125ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ این ۔اے 125میں فوت شدگان کا ووٹر لسٹوں میں اندراج کیا گیا ہے،اس معاملہ پر چیف جسٹس آ ف پاکستان سو موٹو ایکشن لیں۔وہ منگل کے روز یہاںامیدوارپی پی 149زبیر نیاز ی کے ہمراہ پر یس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں،انہوں نے کہا کہ این اے 125 میں انتیس ہزار فوت شدہ افراد کے ووٹوں کا بھی اندراج کر دیا گیا ہے ، مخالف مردوں کی جان چھوڑ دیں، وہ کب تک قبروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے آتے رہیں گے،چیف جسٹس سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ اس معاملے کا سوموٹو ایکشن لیں، یو سی 68 میں ایسے ووٹر رجسٹرڈ ہیں جو فوت ہوچکے ہیںاور ان کی تعداد انتیس ہزار ہے،گزشتہ انتخابات میں بھی یہی معاملہ رہاتھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کس بنیاد پر ریٹرننگ افسر نے مریم نواز کے کاغذ منظور کئے، مریم نواز کی بیرون ملک جائیدادیں سامنے آرہی ہیں ،اگر شریف فیملی کی جائیدادیں نہیں ہیں تو پھر یہ ان الزامات کا جواب کیوں نہیں دیتے ،انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم گورنر ہاوسز میں بیٹھ کر چلائی جارہی ہے ،انتخابات تک گورنر ہاوسز کوبند کرنا چاہئے، 10سال شہباز شریف کی حکومت رہی، پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کرسکیں۔ یوسی 68 سے لوگ میرے پاس لسٹیں لے کر آئے ہیں،29 ہزار بوگس ووٹ پھر لسٹوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ڈیلی میل کی خبر کے مطابق ان کی 32 ملین ڈالر کی جائیدادیں ہیں، خبر کے مطابق ساری جائیدادیں ان کی ملکیت ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات