صاف پانی کے نام پر کرپشن کرنیوالے ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں‘ خرم نواز گنڈا پور

ْغریب دشمن نظام سیاست اور معیشت کو تبدیل کرنے کا عزم کر رکھا ہے‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

منگل 26 جون 2018 22:36

صاف پانی کے نام پر کرپشن کرنیوالے ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ صاف پانی کے نام پر کرپشن کرنیوالے ملک و قوم کے اور انسانیت کے دشمن ہیں۔قانون ایسے ڈاکو ،چور اور لٹیروں کو ریلیف دینے کی بجائے چوراہوں پر الٹا لٹکا کر نشان عبرت بنائے۔7دھائیوں سے اقتدار پر قابض چور ،لٹیرے اور کرپٹ حکمران عوام کو صاف پانی بھی نہیں دے سکے۔

عوام کی ایک بڑی تعداد مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہے۔موجودہ فرسودہ نظام انتخاب ایک ایسی ربڑ سٹمپ پارلیمنٹ کو جنم دیتا ہے جو صرف اشرافیہ کا تحفظ کرتی ہے،قوم کو ظالمانہ استحصالی اور منافقانہ نظام انتخاب کے خلاف آواز بلند کرنا ہو گی جب تک مسائل کی بنیادی جڑ کرپٹ نظام انتخاب کو تبدیل نہیں کیا جائیگا تبدیلی کا نام و نشان بھی نظر نہیں آئیگا۔

(جاری ہے)

عوام بنیادی حقوق کو ترستے رہیں گے۔ملک کی 80فی صد آبادی مضر صحت پانی پیتی رہے گی۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پاکستان عوامی تحریک لاہورکے رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے،اس موقع پر چوہدری افضل گجر،شفاقت مغل،الطاف رندھاوا،میاں افتخار،حاجی فرخ،عمر اعوان،شیخ عتیق الرحمان،راجہ ندیم،صفدر علی،ریحان چوہدری و دیگر بھی موجود تھے ۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے اس کے کارکن ملک کی بقا اور استحکام کیلئے علمی،فکری،سیاسی اور فلاحی محاذ پر مصروف عمل ہیں۔ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اس نظریاتی اسلامی ملک کے غریب دشمن نظام سیاست اور معیشت کو تبدیل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ انقلابی جذبے ہمیشہ رکاوٹوں کی دیواریں توڑ کر اپنا راستہ بناتے ہیں،نا اہل ،چور ،کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا ہے ،قومی خزانے کو لوٹنے والے موجودہ کرپٹ،استحصالی و سیاسی نظام کے محافظ سیاستدانوں سے جان چھڑانا ہو گی۔

عوامی تحریک عوام دشمن کرپٹ سیاسی نظام کا کلیتاً خاتمہ چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جنگ غریب عوام کے حقوق کیلئے ہے جب تک اس فرسودہ انتخابی نظام میں بنیادی اصلاحات نہیں کی جائینگی،یہ نظام انتخاب کرپٹ لوگوں کو اقتدار میں لاتا رہے گا ،کرپٹ لوگوں کے سیاسی کردار کو ختم کرنا ہو گا۔موجودہ استحصالی نظام صرف ایک مخصوص طبقے کو ہی اقتدار میں لاتا ہے جن کے قبضہ میں پورا ملک،قانون،ادارے ،وسائل اور عوام کی تقدیر ہوتی ہے۔