پولنگ ڈے کا سکیورٹی پلان تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنی نگرانی میںخود تشکیل دیں ‘کلیم امام

اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار کسی جگہ جانبداری کا مظاہرہ کرتا نظر آئے تو اسکے خلاف سخت اور مثالی کاروائی یقینی بنائی جائے سیاسی امیدواران کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ انتخابی جلسوں ، کارنرمیٹنگز اور دیگر سیاسی اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے‘آئی جی پنجاب

منگل 26 جون 2018 22:36

پولنگ ڈے کا سکیورٹی پلان تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنی نگرانی میںخود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ پرامن ماحول میں شفاف الیکشن کا انعقاد پنجاب پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے چنانچہ پولنگ ڈے کا سیکیورٹی پلان تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنی نگرانی میںخود تشکیل دیں ،الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کو ہر صورت یقینی بنایاجائے اورخلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے اور اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار کسی جگہ جانبداری کا مظاہرہ کرتا نظر آئے تو اسکے خلاف سخت اور مثالی کاروائی یقینی بنائی جائے ،سیاسی امیدواران کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ انتخابی جلسوں ، کارنرمیٹنگز اور دیگر سیاسی اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے، تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوزاپنے ریجنز اور اضلاع میں باقاعدگی سے تھانوں کا وزٹ ہر صورت یقینی بنائیں اورشہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر مانیٹرنگ اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میںجرائم پیشہ وسماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے اور دہشت گردی ، قتل ، ڈکیتی اورا غوا ء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کی فوری گرفتاری کیلئے ڈی پی اوزکی نگرانی میں آپریشنز شروع کئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس میں صوبے کے تمام آر پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فاروق مظہر ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کنور شاہ رخ اورڈی آئی جی آپریشنز سجاد حسن منج سمیت دیگر افسران بھی کانفرنس میں موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے دشمن جرائم پیشہ عناصر کی فوری سرکوبی کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کاروائیاں جاری رکھیں جائیں اور سماج دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کسی قسم کے اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی قطعی اجازت نہیں ہے اور قانون کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی عمل میںلائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا کام الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے اور اس عمل کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر اقدامات کئے جائیں ۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی کسی سیاسی جماعت یا نظرئیے سے کوئی وابستگی نہیں ہماری ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے میں پرامن ماحول میں الیکشن کا انعقاد ہے لہذا انتخابی عمل کے دوران مکمل طور پرغیر جانبدار رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ادا کئے جائیں ۔ الیکشن ڈے پر ووٹر ز ، پولنگ اسٹیشنز بالخصوص حساس حلقوں میںواقع پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں اورپولنگ اوقات کے دوران ڈولفن ، پیرو او ر گشت پر مامور دیگر فورسز کے موثر گشت کا نظام تشکیل دیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر شہریوں اور گاڑیوں کی آمدورفت کے دوران چیکنگ کا عمل مزید سخت کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سماج دشمن عناصر اور پیشہ ور مجرمان اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی بدمعاشوں اور بدنام زمانہ افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے اور جن بااثر لوگوں کی شہہ پر یہ بدمعاشی کررہے ہیں انکے خلاف بھی سخت کاروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا چائینز سمیت تمام غیر ملکی شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اس ضمن میں قطعی کوئی غفلت نہ برتی جائے ۔