دھن، دھانس اور دھاندلی زدہ انتخابات قوم کو بہتر مستقبل نہیں دے سکتے : سردار سیف اللہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ

منگل 26 جون 2018 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل سردار سیف اللہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے موجودہ نظام انتخابات سے اعلان بغاوت کرکے ثابت کردیا ہے کہ ہمارے نزدیک وقتی مفاد کی بجائے اپنا نظریہ اور عوام کا مفاد اہم ہے۔ڈاکٹر طاہرالقادری کے نظریہ کے مطابق دھن،دھانس اور دھاندلی زدہ الیکشن قوم کو بہتر مستقبل نہیں دے سکتا۔

قانون کے مطابق سکروٹنی ہوتی تو 90 فیصد امیدوار انتخابات کی دوڑ سے باہر ہوسکتے تھے مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے چوروں،قاتلوں اور کرپٹ عناصر کو پارلیمنٹ میں جانے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔کچھ لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ دیگر جماعتوں کے چور اور کرپٹ رہنما کسی مخصوص جماعت میں شامل ہوکر پارسا ہوگئے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ چور جس پارٹی میں بھی جائے گا وہ چور ہی رہے گا اور وہ کبھی بھی اپنے مفاد سے بالا ہوکر عوام کی خدمت نہیں کرسکے گا۔

(جاری ہے)

وہ ملتان کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک ملتان کے عہدیداران سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری رائو محمد عارف رضوی،ضلعی صدر میجر محمد اقبال چغتائی،یاسر ارشاد اور دیگر موجود تھے۔صوبائی سیکرٹری جنرل نے نشتر ہسپتال میں داخل پاکستان عوامی تحریک ضلع وہاڑی کے جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ کی عیادت بھی کی جو ایک ٹریفک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔