کارکن باہمی اتحاد اور جذبے سے انتخابات میں نامزد پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کریں، آصف زرداری

ہمارے مخالفین کے پاس محض الزام تراشی، جھوٹا پروپیگنڈا، کھوکھلے نعرے اور حقائق سے خالی دعوے ہیں پیپلزپارٹی نے ملک اور عوام کی خدمت ، ادارے بنائے ہیں،عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کیا ہے، بلاول ہا ئو س لاہور میں کارکنوں اور پارٹی ٹکٹ کیلئے امیدواروں سے خطاب

منگل 26 جون 2018 21:58

کارکن باہمی اتحاد اور جذبے سے انتخابات میں نامزد پارٹی امیدواروں کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی کارکن باہمی اتحاد اور جذبے سے انتخابات میں نامزد پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لئے کام کریں، ہمارے مخالفین کے پاس محض الزام تراشی، جھوٹا پروپیگنڈا، کھوکھلے نعرے اور حقائق سے خالی دعوے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی نے ملک اور عوام کی خدمت کی ہے۔

ادارے بنائے ہیں اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کیا ہے۔ منگل کے روز بلاول ہا ئو س لاہور میں حلقہ 57 کے پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے اور پارٹی ٹکٹ کے لئے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے عوام کے ساتھ جو عہد کئے وہ تختہ دار پر جا کر بھی نبھائے اور سرعام جان کی قربانی دے کر بھی نبھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مخالفین نے دھاندلی اور چور دروازے سے اقتدار میں آکر عوام کو انتقام کا نشانہ بنایا جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر ملک کی خدمت کرتی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ہر کارکن عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ پیپلزپارٹی کل بھی کچلے ہوئے طبقات کی واحد نمائندہ پارٹی تھی اور آج بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد سماجی انصاف اور برابری کے لئے ہے۔ ہم ایسے معاشرے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جس معاشرے میں تمام طبقات کے ساتھ انصاف اور برابری کے اصول ہوں۔ آصف علی زرداری سے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا ابوالخیر زیبر نے بھی بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کرکے ملک کی موجودہ سیاسی صورتھال اور انتخابات کے حوالے سے تبادلیہ خیال کیا۔ن