Live Updates

ْمشکل وقت میں ساتھ دینے والے کارکن کسی بھی جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں،چودھری آصف علی سندھو

نظریاتی کارکن اختلاف رائے کا حق رکھنے کے باوجود پارٹی سے وفاداری دکھاتے ہیں، خالد گجر جیسے وفادار پارٹی ورکر کو فٹ بال بنانا سمجھ سے بالاتر ہے،رہنما تحریک انصاف

منگل 26 جون 2018 22:39

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) تحریک انصاف کے رہنماء امیدوار صوبائی اسمبلی 172چودھری آصف علی سندھو نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے والے کارکن کسی بھی جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اصولوں پر قائم رہتی ہیں ،نظریاتی کارکن اختلاف رائے کا حق رکھنے کے باوجود پارٹی سے وفاداری دکھاتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ میں تحریک انصاف کیلئے سب سے زیادہ محنت چودھری خالد محمود گجر نے کی جس کا ہر کارکن گواہ ہے کہ انہوں نے حلقہ میں تمام کارکنوں کو کسی بھی قسم کے درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کا رات دن ساتھ دیا ،اور پارٹی قائدین کی ایک کال پر ہر پروگرام میں سب سے پہلے پہنچے ،اسی جرأت و صلاحیت کی بناء پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ان کو ٹائیگر کا خطاب دیا اور موجودہ الیکشن میں صوبائی حلقہ کی بجائے قومی حلقہ سے الیکشن لڑنے کی نوید سنائی ،لیکن تمام تر تیاریوں کے باوجود چودھری خالد محمود گجر کی خوشی اس وقت ادھوری رہ گئی جب قیادت نے اچانک اس حلقہ کیلئے جمشید اقبال چیمہ کا نام تجویز کرلیا ،کارکنوں کے احتجاج پر قیادت نے خالد گجر کو دوبارہ قومی میں نامزد کردیا لیکن ایک بار پھر خالد گجر کو مایوسی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ملک اسد کھوکھر کو اسی حلقہ سے نامزد کردیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ خالد گجر جیسے وفادار پارٹی ورکر کو فٹ بال بنانا سمجھ سے بالاتر ہے ،انہوں نے بتایا کہ خالد گجر نے قائدین سے اپنے فیصلہ پر نظرثانی کیلئے درخواست دی ہوئی ہے ،جس کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے ،چودھری آصف علی سندھو نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے زوال کی وجہ ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم اور خریدوفروخت ہی بنی ہے ،تحریک انصاف کے چیئرمین کو اس بات کا سخت نوٹس لینا چاہئے ،حلقہ میں اس وقت تحریک انصاف کو ووٹ خالد گجر کی بے لوث محنت کی وجہ سے بول رہا ہے ،اور قومی ٹکٹ پر ان کی نامزدگی ان کا بنیادی حق ہے ،انہوں نے کہا کہ وہ قائدین تحریک انصاف سے انصاف کے منتظر ہیں لیکن کسی بھی حال میں پارٹی کے حتمی فیصلہ سے اختلاف نہیں کریں گے ،بلکہ نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم اپنا الیکشن سمجھ کر چلائیں گے ،انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت بھی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ،تاہم کارکنان قومی ٹکٹ کے فیصلہ پر تذبذب کا شکار ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات