انتخابی مہم میں اسلحہ ساتھ رکھنے یا اسلحہ کی نمائش پر پابندی کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، چیف سیکریٹری سندھ

منگل 26 جون 2018 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر(ر)اعظم سلیمان خان نے عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ صوبے بھرکے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خان خٹک اور آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی بھی موجود تھے۔

چیف سیکریٹری سندھ میجر(ر)اعظم سلیمان خان نے افسران پرزوردیا کہ وہ پرامن ،آزادانہ ، منصفانہ اورشفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کے قوانین کی پابندی کرائیں اورہدایت کی کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی ۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرزاور سینئر پولیس آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابی مہم میں اسلحہ ساتھ رکھنے یا اسلحہ کی نمائش پر پابندی کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے خلاف ورزی کے مرتکب امید واروں اور اسلحہ لانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اوراس سلسلہ میں متعلقہ افسران اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ انہوں نے سول اور پولیس افسران کوہدایت کی انتخابی مہم کے دوران نفرت آمیز اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں غیرضروری پروٹوکول اور سیکیورٹی سے اجتناب کیا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنریوسف خٹک نے کہا کہ انتخابی عملے کو قواعد وضوابط کے تحت ڈیوٹی انجام دینا لازم ہے۔ انتخابات کے انعقاد کے لیے متحرک صوبائی انتظامیہ انتخابی ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد کرانے اورانتخابی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی پابند ہے۔