بلدیہ وسطی میں خصوصی صفائی کا دوسرا دِن، شاہراہِ زاہد و ابنِ سینا کی صفائی

چیئرمین ریحان ہاشمی کا مختلف علاقوں میں دورہ ، صفائی کی رفتار پر اظہارِ اطمینان

منگل 26 جون 2018 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) عوام کو صاف و شفاف ماحول کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے بلدیہ وسطی میں خصوصی صفائی مہم دوسرے دن بھی زور و شور سے جاری رہی ۔ مختلف یونین کمیٹیز سے سینکڑوں ٹن کوڑاکرکٹ اُٹھایا گیا۔جبکہ چار روز شروع ہونے والی برساتی نالوں کی صفائی بھی اپنے مقررہ رفتار کے ساتھ جاری ہے۔ چیئرمین ریحان ہاشمی دیگر بلدیاتی افسران کے ہمراہ تمام زونز کا دورہ کرتے رہے ، صفائی کی رفتار پر اظہارِ اطمینان ۔

۵۲/جون کو شروع ہونے والی صفائی مہم کا آج دوسرادِن تھا جس میں شاہراہوں اور دیگر سڑکوں کی صفائی کو ہدف بنایا گیا ہے ۔ریحان ہاشمی نے اس مہم کے دوران صفائی کو بہتر سے بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے تمام زونز کے سینٹری افسران و اسٹاف کو متنبہ کیا ہے کہ کسی قسم کی کوتاہی قابلِ معافی نہ ہوگی۔

(جاری ہے)

اِدھر ناگن چورنگی سے انڈہ موڑتک شاہراہ زاہد کو صاف کردیا گیاہے۔

جبکہ گلبرگ سے سخی حسن تک ڈبل روڈ کو صاف کردیا گیا ہے جبکہ دیگر شاہراہوں پر صفائی جاری ہے ۔ واٹر پمپ سے گلبرگ چورنگی اور شاہراہِ ابنِ سینا پر بھی بلدیہ وسطی کا سینٹری اسٹاف صفائی میں مصروف ہے ۔ ضلع وسطی کی شاہرائوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تجاوزات کا خاتمہ ،سڑک کے کنارے درختوں کی کاٹ چھانٹ ،فٹ پاتھ پر چونا کرنے کے کام کو ممکن بنایا جارہا ہے ۔

واضح رہے کہ بلدیہ وسطی کو شہر کا شفاف ترین ضلع بنانے کے لئے ریحان ہاشمی نہایت تندہی کے ساتھ مختلف پروگرامز ترتیب دیتے رہتے ہیں ۔اگرچہ روزآنہ کی بنیا دپر جمع ہونے والاہزاروں ٹن کچرا اُٹھانے کے لئے بھی وسائل ضرورت کے مطابق نہیں مزید برآن حکومتِ سندھ کسی بھی قسم کا تعاون کرنے کو تیار نہیں پھر بھی عوام کے منتخب نمائندے ہونے کے ناطے ریحان ہاشمی اپنے عوام کی توقعات پر پورا اتنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتے۔ اسی لئے فی الوقت برساتی نالوں اور شاہراہوں کے صٖفائی ایک ساتھ جاری ہیں۔