سیکریٹریز دفتر میں آنے والے لوگوں سے ملاقات یقینی بنائیں، چیف سیکریٹری سندھ

تمام افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

منگل 26 جون 2018 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم خان نے تمام انتظامی سیکریٹریز پر واضح کیا ہے کہ عام انتخابات 2018کے سلسلے میں افسران وملازمین کو چھٹی نہیں ملے گی تاہم انتہائی ناگزیر نوعیت میں کسی کی درخواست پر چھٹی کے لئے غور کیا جاسکتا ہے خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران وعملے کے خلاف قواعد وضوابط کے تحت تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیکریٹریزپر زور دیا کہ وہ دفتر میں آنے والے افراد سے ملاقات ضرور کریں اور اس کے لئے یومیہ ایک سے دوگھنٹے مقرر کریں تاکہ دور دراز سے آنے والے پریشان حال لوگوں سمیت کسی کی بھی دل شکنی نہ ہوسکے وہ منگل کی صبح اپنے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں سینئر ممبر بی او آر ڈاکٹر اقبال درانی ،چئیر مین اینٹی کرپشن اقبال نفیس خان ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنگلات سہیل اکبر شاہ ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری ماحولیات مختار سومرو،سیکریٹری تعلیم عالیہ شاہد،سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ ،اور دیگر سیکرٹیریز نے شرکت کی چیف سیکریٹری نے تمام شرکاء پر زوردیا کہ اعلیٰ عدلیہ کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیںاور متعلقہ امور پر بروقت رپورٹس جمع کرائیں انہوں نے ہدایت کی کہ انتخابی عملے کو پابند کیا جائے کہ وہ انتخابی ڈیوٹی دلجمعی کے ساتھ انجام دیں نیز اس سلسلے میں پولنگ اسٹیشنز پر پانی ،صحت وصفائی ،بجلی ،جنرنیٹرزوغیرہ کی دستیابی کے ساتھ ساتھ وہیل چئیرز پر آنے والے ووٹرز کے لئے ریمپ کا بندوبست ضرور کیا جائے دریں اثنا ء چیف سیکریٹری نے انتخابات کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک آئی جی سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی اور متعلقہ سیکریٹریز کے علاوہ سینئر ممبر بی او آر اقبال درانی نے بھی شرکت کی ۔