ملیر ندی مہران گوٹھ کے درمیانی راستے پر چھوٹا پل فوری طور پر تعمیر کیا جائے، جان محمد بلوچ

منگل جون 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کی تشکیل اور تکمیل کی مد میں ملنے والا فنڈ عوام کی امانت ہے اور اس فنڈ کو پوری دیانت داری سے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہے ہیں ، عوام کے مسائل کی جانکاری حاصل کرنا اور پھر ان مسائل کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھانا ہی منتخب عوامی نمائندگان کی ذمہ داری ہے، عوام کو درپیش ضروریات زندگی کے بنیادی مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہمارا فرض ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن کی حیثیت سے عوامی خدمت کا فریضہ نیک نیتی اور دیانت داری سے ادا کر رہا ہوں بلدیہ ملیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہے لیکن ہم تمام تر سیاسی نظریاتی اختلافات سے بالا تر ہوکر صرف اور صرف عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ، عوام کی خدمت اپنا فرض عین سمجھ کر ادا کرہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یوسی غازی دائو د بروھی ملیر ندی سے مہران گوٹھ اور حاجی امید علی گوٹھ کے درمیان بیٹھ جانے والی گذرگاہ کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان اور محکمہ بی اینڈ آر کے افسران بھی موجود تھے۔محکمہ بی ایند آر کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملیر ندی کے درمیان سے گذرکر دیگر گوٹھوں کیطر ف جانے والی شاہراہ ندی کے پانی کے دبائو کی وجہ سے تباہ ہو چکی ہے۔

چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملیر ندی مہران گوٹھ اور حاجی امید علی گوٹھ کے درمیانی راستے پر چھوٹا پل فوری طور پر تعمیر کیا جائے تاکہ گوٹھوں میں رہنے والے مکینوں کی آمدورفت بحال ہو سکے، پل کے نیچے پانی کے بہائو کو جاری رکھنے کیلئے پائپ لائن ڈالی جائے۔