الیکشن ٹربیونل نے امیر بخش خان بھٹو کا فارم بحال کرتے ہوئے مخالفین کے اعتراضات مسترد کردیئے

منگل جون 23:03

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں قائم جسٹس فہیم احمد صدیقی کے الیکشن ٹربیونل میں پی ایس 10 رتوڈیرو پر پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار مرکزی پارٹی رہنما امیر بخش خان بھٹو اپنے وکلا غلام دستگیر شاہانی، علی نواز خان گھانگھرو، انور علی جانوری، غلام رسول ناریجو، عبدالوہاب بھٹو اور سیف علی بھٹو کے ہمراہ پیش ہوئے جہاں ان کے اوپر پی پی پی رہنماؤں کی جانب سے دائر کردہ اعتراضات پر دونوں فریقین کے وکلاء نے اپنے اپنے دلائل پیش کیئے۔

(جاری ہے)

دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹربیونل نے امیر بخش خان بھٹو کا فارم بحال کرتے ہوئے مخالفین کے اعتراضات مسترد کردیئے۔ امیر بخش خان بھٹو کا فارم بحال ہونے کی خبر سنتے ہی حلقہ کی عوام، پارٹی کارکنان، ہمدردوں، رہنماؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقعے پر الیکشن ٹربیونل کے باہر پارٹی رہنماؤؤں و کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے امیر بخش خان بھٹو نے کہا کہ اس سے قبل عوام کی دعاؤں سے رٹرننگ افسر رتوڈیرو اور اب الیکشن ٹربیونل نے بھی مخالفین کے اعتراضات مسترد کر کے میرا فارم بحال کردیا ہے جس سے مخالفین کی صفوں میں مایوسی چھاں گئی ہے اور انشاء اللہ 25 جولائی کو فتح حق، سچ اور عوام کی ہوگی۔