علی گوہر مہر نے ہماری لیڈر فریال تالپور کے بارے میں جو باتیں کی ہیں وہ ناقابل برداشت ہیں، جام مہتاب حسین ڈہر

علی گوہر مہر وہ وقت بھول گئے جب وہ اقتدار میں آنے کے لئے فریال تالپور کے گھر اٹھتے ہی نہیں تھے۔ علی گوہر مہر ہمیشہ چڑھتے سورج کے پجاری رہے ہیں، علی گوہر مہر میں اگر تھوڑی سی بھی اخلاقی جرأت ہے تو پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ضلعی چیئرمین اپنے بیٹے سے استعفیٰ دلوائیں، پریس کانفرنس

منگل 26 جون 2018 23:05

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) سابق وزیر تعلیم سندھ اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 18 گھوٹکی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ علی گوہر مہر نے ہماری لیڈر فریال تالپور کے بارے میں جو باتیں کی ہیں وہ ناقابل برداشت ہیں، علی گوہر مہر وہ وقت بھول گئے جب وہ اقتدار میں آنے کے لئے فریال تالپور کے گھر اٹھتے ہی نہیں تھے۔

علی گوہر مہر ہمیشہ چڑھتے سورج کے پجاری رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا کہ علی گوہر مہر نے ہماری لیڈر ادی فریال ٹالپر کے بارے میں جو باتیں کی ہیں وہ ناقابل برداشت ہیں جن میں مجھ سمیت پوری سندھ کی کارکنان سخت مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

علی گوہر مہر کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ ہمیشہ چڑھتے سورج کا پجاری رہا ہے۔

محترمہ بینظیر بھٹو سے بھی وفا نہیں کی تھی اور اب اپنے سردار محمد بخش خان مہر کے ساتھ بھی دغا کرتے ہوئے پی ایس 20 پر اعتراضات داخل کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی گوہر مہر میں اگر تھوڑی سی بھی اخلاقی جرأت ہے تو پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ضلعی چیئرمین اپنے بیٹے سے استعفیٰ دلوائیں۔ جام مہتاب نے مزید کہا کہ علی گوہر مہر نے بڑے بڑے وعدے کئے لیکن گذشتہ انتخابات میں جیتنے کے بعد حلقہ کی عوام کو کوئی سہولت فراہم نہیں کی جبکہ حلقے کے ترقیاتی فنڈز اپنے ذاتی مفادات کے لئے استعمال کئے جن کا حساب پاکستان پیپلزپارٹی وقت آنے پر لے گی۔

جام مہتاب ڈہر نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف بنایا گیا جی ڈی اے محاذ میں سب مشرف کی باقیات اور کالا باغ ڈیم کے حمایتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیف سردار محمد بخش مہر اور علی نواز خان مہر ہمارے ساتھ ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کو چھوڑنے والے علی گوہر مہر کو کوئی انتخابات لڑنے کے لئے کوئی حلقہ نہیں مل رہا جس نے پیپلزپارٹی کو چھوڑا ہے وہ کبھی سیاست میں کامیاب نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گھوٹکی ہمیشہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کا قلعہ رہا ہے اور 25 جولائی کو بھی پیپلزپارٹی سندھ سمیت پورے میں میں کامیابی حاصل کرے گی۔