اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ، ڈنمارک کی ٹیم فرانس کے خلاف ڈرا میچ کھیل کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، پیرو فتح کے باوجود ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

منگل 26 جون 2018 23:07

اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ، ڈنمارک کی ٹیم فرانس کے خلاف ڈرا میچ ..
ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں فرانس اور ڈنمارک کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا، ڈنمارک کی ٹیم میچ ڈرا کھیل کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، فرانس پہلے ہی ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچ چکا ہے، پیرو کی ٹیم فتح کے باوجود ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔

(جاری ہے)

روس میں جاری میگا ایونٹ میں منگل کو کھیلے گئے گروپ سی کے ایک میچ میں فرانس اور ڈنمارک کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا، دونوں ٹیموں نے آخر دم تک فیصلہ کن گول سکور کرنے کیلئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، اسطرح دونوں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا، فرانس کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر ہے، میچ ڈرا کھیلنے کے بعد ڈنمارک کی ٹیم بھی پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، اسی گروپ کے دوسرے میچ میں پیرو نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 2-0 گولز سے شکست دی تاہم اس کے باوجود وہ ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ نہ بنا سکی، یہ پیرو کی ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں 1978ء کے بعد کسی بھی ٹیم کے خلاف پہلی فتح ہے، پیرو نے 1982ء کے بعد میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا، پیرو کی جانب سے کاریلو اور گوئریرو نے گولز کئے۔

متعلقہ عنوان :