ڈیرہ،ایگل سکواڈ کے اہلکاروں پر دوران گشت نامعلوم افرادکی فائرنگ، ایک اہلکار شہید، دوسرا زخمی

منگل 26 جون 2018 23:17

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) ڈیرہ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی تمام تر کوششوںکے باجود ڈیرہ میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں نہ رک سکیں‘تھانہ سٹی کی حدود میں تھالہ لعل شاہ کے قریب ایگل سکواڈ کے اہلکاروں پر دوران گشت نامعلوم افرادکی فائرنگ سے محمد ظفر نامی اہلکار موقع پر شہید، ذوالفقار شاہ نامی اہلکار شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور جا بجا پولیس ناکوں کے باجود ڈیرہ میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں نہ رک سکیں، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود گزشتہ دو ماہ سے پولیس چیک پوسٹوں پر دستی بم حملوں اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی درجن بھر وارتیں ہوچکی ہیں جس کے تناظر میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ماہ سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

تازہ ترین واردات میں2موٹر سائیکل سوار نامعلوم ٹارگٹ کلرز کی جانب سے تھانہ سٹی کی حدود میں تھلہ نمبر5 امام بارگاہ لعل شاہ پر دوران ڈیوٹی ایگل سکواڈ کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد ظفر ولد الٰہی بخش سکنہ بستی میکن موقع پر جاں بحق جبکہ کانسٹیبل ذوالفقار شاہ ولد حشمت علی سکنہ ظفر آباد کالونی شدید زخمی ہوگیا،وارادات کے بعد ملزمان لوڈ شیڈنگ اور تنگ و تاریک گلیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ زخمی اور شہید اہلکارکو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ چنگ چی رکشہ میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ کو گھیرے میں لیکرموقع واردات سے 7کے قریب نائن ایم ایم پسٹل کے خول برآمد کر لئے ہیں۔