پرامن وشفاف انتخابات میں انتظامی معاونت اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنرفیصل آباد

منگل 26 جون 2018 23:21

فیصل آباد ۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ڈپٹی کمشنرسید احمد فواد نے کہا ہے کہ پرامن وشفاف انتخابات میں انتظامی معاونت اولین ترجیح ہے، انہوں نے یہ بات اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا نمائندگان سے تعارفی ملاقات کے دوران کہی،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات میں امیدواروں کی انتخابی مہم کو قواعد وضوابط کے دائرے میں رکھنے اور دیگر انتظامی امور پراحسن انداز میں عملدرآمد کویقینی بنانے کیلئے میڈیا کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے ،انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے مقررکردہ مانیٹرنگ افسران امیدواروں کی انتخابی مہم پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ بعض خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹس تیار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، قانون شکنی کی صورت میں بلاامتیاز کارروائی کی جائے گئی،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا وخوبصورت رکھنے اور عوامی خدمت کیلئے متعلقہ اداروں کو متحرک رکھا جائے گا جبکہ مون سون موسم میں طوفان بادوباراں سے تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ۔