ْنگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری سے چین کے ڈپٹی قونصل جنرل چان ژیاؤ ڈنگ سے ملاقات

منگل 26 جون 2018 23:25

کوئٹہ۔26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کراچی میں متعین چین کے ڈپٹی قونصل جنرل چان ژیاؤ ڈنگ سے منگل کے روز ملاقات کی، اس موقع پرچیئرمین بلوچستان اکنامک فورم سردار شوکت پوپلزئی بھی موجود تھے۔ چینی ڈپٹی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان مضبوط مثالی دوستی قائم ہے اور چین نے ہر مشکل دور میں پاکستان کا ساتھ دیاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا ایک نیا باب شروع ہواہے جبکہ یہ منصوبہ پاکستان چین سمیت پورے خطے کی معاشی ترقی کی بنیاد ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسیع وعریض اور معدنی وسائل سے مالامال صوبہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کار فائدہ اٹھاسکتے ہیں اور بلوچستان میں ماہی گیری، کانکنی، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں، صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کررہی ہے تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے منافع بخش سرمایہ کاری کرسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ اس موقع پر چینی ڈپٹی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ کے مؤقف سے اتفاق کیا اور بلوچستان میں چین پاکستان راہداری کے منصوبوں کی تکمیل میں معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی جانب راغب کیا جائے گا۔