سپریم کورٹ میں ملک میں آبادی میں اضافہ کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت، آبادی پر قابو پانے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی رپورٹ طلب

منگل 26 جون 2018 23:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) سپریم کورٹ نے ملک میں آبادی میں اضافہ کے خلاف ازخود نوٹس کیس میں اٹارنی جنرل سے اس معاملے پراب تک اٹھائے جانے والے اقدامات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ہے۔ منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس نے کہاکہ ایک زمانہ تھا جب کہا جاتا تھا کہ بچے دو ہی اچھے لیکن گزشتہ حکومتوں نے آبادی کے معاملے پر کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، سوال یہ ہے کہ ملک میں جس طرح آبادی بڑھ رہی ہے یہ ایک دھماکہ ہے، جس پرقابو پانے کیلئے اقدامات کرناہوں گے۔

بعد ازاں عدالت نے اٹارنی جنرل سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ دریں اثناء سپریم کور ٹ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس میں اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والی ملز کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔