پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سمیت ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی،ملک ابرار احمد

منگل جون 23:19

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و حلقہ این اے 61 کے امیدوار ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کلین سویپ کرے گی، مخالفین کی ضمانتیں ضبط کراکے ثابت کردیں گے کہ راولپنڈی مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ راولپنڈی کینٹ کے عوام نے کبھی امپورٹڈ کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی 2018ء کے الیکشن میں کسی امپورٹڈ امیدوار کو تسلیم کریں گے، ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے، عوام ایک دن ووٹ کے لئے گھروں سے باہر نکلتے ہیں اور ہم پانچ سال اس کا قرض ادا کرتے ہیں۔

وہ گزشتہ روز علامہ اقبال کالونی مصریال گائوں اور ڈھوک گجراں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر کے علاقے بائو محلہ میں ملک ابرار احمد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا جبکہ گوالمنڈی سمیت دیگر علاقوں میں لوگوں نے ملک ابرار احمد کا پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

جمعیت القریش کے عہدیداروں اور تمام برادری نے این اے 61 کے امیدوار ملک ابرار احمد ‘ پی پی 15 سے امیدوار ملک افتخار احمد اور پی پی 14 کے امیدوار اسامہ چوہدری کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

قبل ازیں ملک ابرار احمد نے ملک افتخار احمد کے ہمراہ برٹش ہوم ‘ چشتی آباد‘ سہام ‘ مصریال گائوں ‘ نصیر آباد کے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پر معززین علاقہ سے ملاقاتیں کیں۔ معززین علاقہ کا کہنا تھا کہ آپ بینر یا پوسٹر نہ لگائیں آپ کا کام ہی آپ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انشاء اللہ 25 جولائی کو مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواران بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔