حکومت انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہر اقدامات اٹھائے گی، خرم شہزاد

تمام اداروں کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئیے تاکہ صاف و شفاف انتخابات کے عمل کو ممکن بنایا جاسکے ،نگران صوبائی وزیر داخلہ

منگل 26 جون 2018 23:19

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر داخلہ اغا عمر احمد بنگلزئی اور نگران وزیر اطلاعات خرم شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ہر اقدامات اٹھائے گی اس کیلئے تمام اداروں کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ صاف و شفاف انتخابات کے عمل کو ممکن بنایا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز احمد بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیااس موقع پر بلوچستان میں الیکشن کے حوالے سے سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے وزیر داخلہ کو بلوچستان میں الیکشن کمیشن کے دفاتر اور اور افسران کی سیکورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے صوبائی وزراء کوبتایا کہ وہ متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کریں اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔نگران وزیر داخلہ نے الیکشن کمیشن کے دفاتر اور افسران کو سیکورٹی مہیا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز جو اس وقت ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسر بھی ہیں کو احکامات جاری کر دیئے جائیں گے تاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔

صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے صوبائی وزرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے متحد ہو کر صاف اور شفاف انتخابات کے عمل کو یقینی بناسکتے ہیں ۔