عوام اب نیشنل بینک کی مقرر کردہ شاخوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں کسی بھی جاز کیش ، موبائل اکاؤنٹس ، اومنی وغیرہ کے ذریعہ با آسانی ٹیکسز جمع کراسکیںگے

محکمہ ایکسائز اور نیشنل بینک کے درمیان نیا معاہدہ طے پاگیا ، دستخط کرنے کی تقریب کا کوئٹہ میں انعقاد

منگل 26 جون 2018 23:29

عوام اب نیشنل بینک کی مقرر کردہ شاخوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں کسی بھی ..
کوئٹہ۔26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) محکمہ ایکسائز اور نیشنل بینک کے درمیان نیا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جسمیں سیکرٹری ایکسائز سید ظفر علی بخاری ، محکمے کے ڈائریکٹر جنرل فتح محمّد خجک، ڈائریکٹرآئی ٹی قاضی محمّد علی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔نیشنل بینک کی جانب سے پریذیڈنٹ سید احمد،جبکہ جاز کیش کی طرف سے ہیڈ بزنس ٹو گورنمنٹ فہیم ممتازنے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو سیکرٹری ایکسائز سید ظفر علی بخاری نے بتایا کہ معاہدے کے تحت محکمے کے ذریعے جمع کئے جانے والے تمام ٹیکسز کو عوام اب نیشنل بینک کی مقرر کردہ شاخوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں کسی بھی جاز کیش ، موبائل اکاؤنٹس ، اومنی وغیرہ کے ذریعہ با آسانی جمع کراسکیںگے جمع شدہ رقم کی اطلاح فوری طور پر محکمہ کو موصّول ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس معاہدہ سے حکومتی محصولات میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے بعد بلوچستان اپنے ٹیکس دہندگان کو پورے پاکستان میں کسی بھی جگہ سے ٹیکس جمع کرانے کی سہولت دینے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے ۔محکمہ ایکسائز میں جمع ہونے والے تمام ٹیکسز اور فیسیں بشمول موٹر وہیکل/ ٹوکن ٹیکس پراپرٹی ٹیکس اورمختلف ا قسام کی لائسنس فیسیں ، ہوٹل و پروفیشنل ٹیکس وغیرہ کو بینک برانچ کے ساتھ ساتھ بغیر برانچ بینکاری کے نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے ۔نئے طریقہ کار کے تحت یہ ٹیکسز اب7/24بنیاد پر پورے ملک میں کہیں سے بھی جمع کرائے جا سکیں گے۔