امریکی سپریم کورٹ نے متعدد مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد پر سفری پابندیوں کے حق میں فیصلہ سنا دیا

بدھ 27 جون 2018 00:50

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) امریکی سپریم کورٹ نے متعدد مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد پر سفری پابندیوں کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک بڑی کامیابی کے برابر ہے۔ سپریم کورٹ نے چار کے مقابلے میں پانچ ووٹوں سے اس پابندی کو برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ گزشتہ روز منگل کو سنایا۔

(جاری ہے)

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کے اس سلسلے میں جاری کردہ حکم نامے کو چیلنج کرنے والے یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ یہ اقدام امیگریشن سے متعلق امریکی قوانین اور آئین کی پہلی شق کی خلاف ورزی کیسے کرتا ہے۔ اس پابندی کا اطلاق لیبیا، شام، ایران، صومالیہ اور یمن کے شہریوں پر ہوتا ہے۔ اس کا اعلان پچھلے سال ستمبر میں ہوا تھا تاہم اس پر عملدرآمد دسمبر سے جاری ہے۔