اکیسویں فیفا ورلڈ کپ 2018ء میں کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل (آج) آخری چار گروپ میچ کھیلے جائینگے

بدھ 27 جون 2018 10:10

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018ء میں کوارٹر فائنل مرحلے سے قبل (آج) جمعرات کو آخری چار گروپ میچ کھیلے جائینگے۔ روس میں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک بڑی ٹیموں کی مایوس کن کارکردگی سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ میں آج کا پہلا میچ گروپ ایچ میں شامل ٹیموں سینیگال اور کولمبیا کے درمیان کھیلا جائیگا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا، دوسرا میچ بھی گروپ ایچ کی ہی ٹیموں جاپان اور پولینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا یہ میچ بھی پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا جبکہ تیسرا میچ گروپ جی میں شامل ٹیموں انگلینڈ اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا جائیگا یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوگا جبکہ چوتھا میچ بھی گروپ جی کی ٹیموں پانامہ اور تیونس کے درمیان کھیلا جائیگا یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 6 جولائی سے شروع ہوگا، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 جولائی کو کھیلا جائیگا، دوسرا سیمی فائنل میچ 11 جولائی کو کھیلا جائیگا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 14 جولائی کو کھیلا جائیگا۔ میگا ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 15 جولائی کو ہوگا۔