ملکہ برطانیہ نے 3 پاکستانی نوجوانوں کو ’’کوئنز ینگ لیڈرز‘‘ ایوارڈ سے نوازا

بدھ 27 جون 2018 11:34

ملکہ برطانیہ نے 3 پاکستانی نوجوانوں کو ’’کوئنز ینگ لیڈرز‘‘ ایوارڈ ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی جانب سی3 پاکستانی نوجوانوں کو سماجی خدمات کے صلے میں ’’کوئنز ینگ لیڈر‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بکنگھم پیلس میں ’’کوئنز ینگ لیڈرز‘‘ ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی نوجوانوں ہارون یاسین، حسن مجتبیٰ اور ماہ نور سید کو ’’کوئنز ینگ لیڈرز‘‘ ایوارڈ دیا گیا۔

تقریب میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے اٴْن تمام نوجوانوں کو اعزاز سے نوازا گیا جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں۔ یہ ایوارڈ کامن ویلتھ گروپ کے رکن ممالک کے ایسے نوجوانوں کی شناخت کرتا ہے جن کی عمر 18 سے 29 برس ہو اور وہ اپنی کمیونٹی میں کسی اہم سماجی کام کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہوں، جو کسی کو جینے کی صحیح راہ اور امید دکھا رہے ہوں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستانی نوجوان حسن مجتبٰی زیدی ڈسکورنگ نیو آرٹسٹس کے بانی ہیں جو آرٹ کے ذریعے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارتے ہیں۔ وہ بچوں کو مفت آرٹ ٹریننگ دیتے ہیں اور اس کے ساتھ جو طلباء تعلیمی اخراجات نہیں اٹھاسکتے انہیں تعلیم بھی فراہم کرتے ہیں۔ ہارون یاسین ’’اورینڈا‘‘ کے بانی ہیں جو قومی نصاب کو کارٹون سیریز میں بدل کر بچوں کیلئے پیش کرتے ہیں، جس کا نام تعلیم آباد ہے۔

ہارون اٴْن بچوں کو نصابی اور ڈیجیٹل تعلیم دینے کے لئے گامزن ہیں جن کے پاس علم حاصل کرنے کیلئے وسائل موجود نہیں ہیں۔ ماہ نور ’’سپریڈ دی ورڈ‘‘ کی بانی ہیں جو بچوں کے ساتھ زیادتی، جسمانی اور ذہنی دباؤ کو ختم کرنے کیلئے مخلتف سرگرمیاں انجام دے رہی ہیں۔ علاوہ ازیں ماہ نور ’’خواجہ سرا سپورٹ‘‘ آرگنائزیشن سے بھی منسلک ہیں اور ان کیلئے فنڈز جمع کرتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :