بھارتی محکمہ موسمیات کی دارالحکومت نئی دہلی میں کل مون سون کے آغاز پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی

بدھ 27 جون 2018 12:16

بھارتی محکمہ موسمیات کی دارالحکومت نئی دہلی میں کل مون سون کے آغاز ..
نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) بھارتی محکمہ موسمیات نے دارالحکومت نئی دہلی میں کل جمعرات کو مون سون کے آغاز پر موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی اور بھارت کے دیگر شمالی حصوں میں مون سون کے باقاعدہ آغاز پر ہی گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو کر 34 ڈگری پر آگیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ماہرین کے مطابق پاکستان کی فضا میں موجود غیر معمولی موسمی صورتحال کے زیر اثر نئی دہلی اور بھارت کے شمالی علاقوں میں مون سون کے تحت بارشوں میں شدت آسکتی ہے۔ یہ غیر معمولی موسمی صورتحال دراصل ہوا کا کم دبائو ہے جس کے تحت یورپ و ایشیا کے سمندروں سے نمی والی ہوائیں جنوبی ایشیا میں داخل ہوتی ہیں اور یہاں موسم سرما میں بارشوں کا باعث بنتی ہیں۔ بھارت میں گذشتہ روز گجرات ، مغربی بنگال اور گوا کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں۔