دُبئی:مساج کے لیے آنے والوں پر حملہ کرنے والے 6 افراد جیل پہنچ گئے

ملزمان نے مصری باشندوں سے پیسے ہتھیانے کے لیے اُنہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ جون 12:05

دُبئی:مساج کے لیے آنے والوں پر حملہ کرنے والے 6 افراد جیل پہنچ گئے
دُبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جُون 2018ء) مساج کی غرض سے آنے والے دو افراد پر ہتھوڑے اورالیکٹرک سٹِک سے حملہ آور ہونے والے افراد کو عدالت نے چھ چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ تفصیلات کے مطابق دو مصری دوستوں کو ایک بزنس کارڈ موصول ہوا جس میں البشرہ میں واقع ایک فلیٹ میں مساج سروس کی تشہیر کی گئی تھی۔ دیئے گئے نمبر پررابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ صبح سویرے 6:30 بجے مساج کی سہولت دی جا رہی ہے۔

یہ دونوں مصری شخص فلیٹ پر پہنچ گئے جہاں اُن کا استقبال ایک ویتنامی شخص نے کیا۔ آپس میں بھاؤ طے کرنے کے بعد مصری افراد رقم نکلوانے کے لیے قریب واقع اے ٹی ایم گئے۔ جب وہ واپس مساج سنٹر پہنچے‘ تو تھوڑی دیر بعد وہاں چند افراد آ گئے جنہوں نے مصری افراد سے مشکوک طریقے سے ہاتھ ملایا اور ساتھ ہی اُن پر حملہ آور ہو گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے اُن کو ہتھوڑے اور الیکٹرک سٹِک سے مارنا پیٹنا شروع کر دیا جبکہ اس دوران دونوں متاثرہ افراد خود کو بچانے کی کوشش کرتے رہے۔

آخر کسی نہ کسی طرح دونوں افراد وہاں سے اپنی جان بچا کر بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔ اور قریب واقع ایک فلیٹ میں پناہ لے لی۔ پھر اس واقعے کی اطلاع پولیس کو کر دی۔۔پولیس نے فلیٹ پر ہلّہ بول کر ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ متاثرہ افراد کو ہسپتال بھیج دیا گیا۔ منگل کے روز عدالت نے ملزمان کو قصوروار قرار دے کر چھ چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی۔

ان ملزمان میں دو ویتنامی‘ تین کرغیزی جبکہ ایک اُزبک باشندہ شامل تھا۔ پریزائیڈنگ جج شیخہ حمد نے ملزمان کو ایک متاثرہ مصری کو 15 فیصد مستقل معذوری کے لیے ذمے دار بھی قرار دیا۔ ملزمان کو سزا ختم ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ کرغیزی اور اُزبک باشندے جنہوں نے عدالت سے اپنی ضمانتیں کروا رکھی تھی‘ اس فیصلے کے فوری بعد حراست میں لے لئے گئے۔ ملزمان کے مطابق جب مصری باشندے اُن کے پاس آئے تو انہوں نے دروازہ بند کر کے اُن سے کہا کہ وہ پولیس والے ہیں ‘ اور انہیں دھمکی کہ چُپ چاپ رقم اُن کے حوالے کر دیں۔ مصریوں کے انکار پر اُنہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان کو فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے پندرہ دن کا وقت دیا گیا ہے۔