چارسدہ ،اشتہاری مجرموں کے شناختی کارڈ بلاک کروانے کافیصلہ

بدھ جون 12:27

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) ضلع چارسدہ میں اشتہاری مجرموںکے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر ا یک ہفتے کے اندر عمدرآمدہوجائے گا۔ ڈی پی او چارسدہ سید شہزاد ندیم بخاری نے اپنے دفتر میں صحافیوں کو بتایا کہ چوری رہزنی ، ڈکیتی ، ریپ اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر سے کریمنل واچ ونگ قائم کرکے ان کی آواز کی ریکارڈنگ ، ان کی تصاویر اور مکمل ڈیٹا تیار کیا جائے گا جس کے ذریعے مختلف واقعات میں پولیس کو تفتیش اور ملزمان تک رسائی میں آسانی ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے الیکشن کے حوالے سے کہاکہ الیکشن کی سکیورٹی کے لئے مناسب اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، اسلحہ کی نمائش کی پابندی کے ساتھ جرائم پیشہ افرادکا خاتمہ کیا جائے گا ،چارسدہ سے منسلک مہمند اور مالاکنڈ ا ضلاع کی سرحدوں پر ایلیٹ فورس اور اے ٹی ایس پر مشتمل پولیس ٹیم کو تعینات کرکے ناکے قائم کریں گے۔ ڈی پی او نے کہا کہ چارسدہ کو امن و امان کے حوالے سے مثالی ضلع بنایا جائے گا جرائم پیشہ افرادکے لئے چارسدہ میں کوئی جگہ نہیں ہے، تفتیشی ونگ کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ڈی آر سی کے مصالحتی کردار کو مزید بہتر بنانے اور پولیس رویہ میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔