سعودی شوریٰ کونسل سرپرستی نظام کے خاتمے کے لیے کام کررہی ہے، شہزادی ریما

میرا کردار ایسے ایشوز کو اجاگر کرنا ہے جن کی مدد سے ہم تمام خواتین مثبت انداز میں آگے بڑھ سکیں،انٹرویو

بدھ 27 جون 2018 12:41

سعودی شوریٰ کونسل سرپرستی نظام کے خاتمے کے لیے کام کررہی ہے، شہزادی ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) سعودی عرب کی شہزادی ریما بنت بندر آل سعود نے کہا ہے کہ شوریٰ کونسل مرد وں کی سرپرستی کے خاتمے کے لیے کام کررہی ہے۔خواتین کو کار چلانے کی اجازت دینا درست سمت میں ایک اہم قدم ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرپرستی کا نظام ایک اہم ایشو ہے اور شوریٰ کونسل مسلسل اس پر کام کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت میں ایک عورت کی حیثیت سے میرا کردار ایسے ایشوز کو اجاگر کرنا ہے جن کی مدد سے ہم تمام خواتین مثبت انداز میں آگے بڑھ سکیں، نہ کہ صرف اشرافیہ کی خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں۔شہزادی ریما سعودی اسپورٹس اتھارٹی کی نائب صدر ہیں۔انھو ں نے انٹرویو میں یہ واضح نہیں کیا کہ کب مملکت میں نافذ العمل سرپرستی کے قوانین میں تبدیلی لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

البتہ انھوں نے کہا کہ سرپرستی (گارڈین شپ) کے قوانین خواتین کو ڈرائیونگ یا کسی ملازمت کے حصول سے نہیں روکتے ہیں۔تاہم ان قوانین کے تحت خواتین کے گھر سے باہر سفر پر کچھ قدغنیں عاید ہیں اور وہ مقررہ حد عمر سے قبل شادی نہیں کرسکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ایک اقتصادی حکمت عملی کے تحت تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں تاکہ افرادی قوت میں بالخصوص خواتین کی تعداد بڑھائی جاسکے۔