ثانوی اسکولوں کے 77 طالبعلموں کی امریکہ میں تعلیمی سال کے آغاز کی تیاری

900سے زائد ذہین طلبہ وطالبات ایک سال دورانیہ کے اس پروگرام میں شرکت کر چکے ہیں

بدھ 27 جون 2018 12:44

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے امریکی حکومت کے زیر سرپرستی چلنے والے کینیڈی۔لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی (وائی ای ایس) پروگرام کے پچاس سابق طالبعلموں اور 77 نئے طالبعلموں سے جو اسی پروگرام پر روانگی کے لیے تیار ہیں ، 2006ء سے اب تک اس پروگرام کے تحت پندرہ سے سترہ سال کی عمر کے پاکستان کے ثانوی اسکولوں کے 900سے زائد ذہین طلبہ وطالبات ایک سال دورانیہ کے اس پروگرام میں شرکت کر چکے ہیں جس کے تحت کسی امریکی ثانوی اسکول میں تعلیم، کسی میزبان خاندان کے ساتھ رہائش اور سماجی خدمات کی تکمیل کی سرگرمیاں شامل ہیں۔

تقریب کے دوران سفیرنے دونوں گروپوں کے شرکاء کو ان کی تعلیمی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ پاکستان میں یہ پروگرام آئی ارن کے تعاون سے چلایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہیل نے کہا کہ وہ سب اس تبادلہ پروگرام کے بنیادی مقصدکو حاصل کرینگے جو ایک اچھے کل کی تشکیل کے لئے لوگوں، خیالات اور ثقافتوں کو قریب لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانہ آپ کے کارناموں پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ لوگوں کی کاوشوں سے پاکستانی اور امریکی طالبعلموں کے درمیان دوستی مزید بڑھتی جائے گی۔ آئی ارن پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر فرح کمال نے کہا کہ اپنی ابتدا سے، وائی ای ایس پروگرام نے نوجوان پاکستانی سفراء کا ایک گروپ تشکیل دینے میں مدد کی ہے جس نے غیر معمولی پیشہ ور ماہرین بننے کے ساتھ ساتھ اپنے لوگوں اور بین الاقوامی برادری میں ایک نمایاں مقام پیدا کیا ہے۔

اس موقع پر حال ہی میں واپس آنے والے طلبہ کے گروپ نے نئے جانے والوں کے ساتھ امریکہ میں گزارے جانے والے اپنے وقت کے حوالے سے اپنے تجربات اور مشاہدات کا تبادلہ کیا بالخصوص ان مواقع کے متعلق جن میں ان کو مقامی آبادیوں کے لئے کی جانے والی سماجی سرگرمیوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا۔ ایزان عامر نے جنہوں نے پورٹ آرچرڈ ، واشنگٹن میں ایک سال گزارا بتایا کہ اس پروگرام میں شرکت نے ان کے اعتماد میں اضافہ کیا کہ وہ کس طرح ایک جذبہ اور نصب العین کے ساتھ دوسروں کی بہتری کے لئے کام کر سکتے ہیں۔