میر واعظ عمرفاروق کا آتشزدگی کے واقعے کے متاثرین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار

بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش

بدھ 27 جون 2018 12:44

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت فورم کے چیئرمین اور دارالخیر میرواعظ منزل کے سرپرست اعلیٰ میرواعظ محمد عمر فاروق نے سرینگر میں شہر خاص کے علاقے پاندان نوہٹہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کے دوران متعدد مکانوںکے جل کر خاکستر ہونے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مخیرحضرات سے متاثرہ خاندانوںکی بحالی اور امداد کیلئے دارالخیر میر واعظ منزل کی امدادی سرگرمیوں میں بھرپو ر تعاو ن کی اپیل کی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے پاندان نوہٹہ جاکر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور کروڑوں روپے مالیت کی املاک کی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ میرواعظ نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوںکی ڈھارس بندھاتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ دارالخیر میرواعظ منزل انکی مدد اور بحالی کیلئے ہر ممکن کوششیںجاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مقامی مخیر حضرات اور نوجوانوں سے کہاکہ وہ متاثریں کی ہر ممکن مدد کیلئے آگے آئیں۔

اس دوران چناب کے علاقے کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے ایک 20 رکنی وفد نے عبدالغنی شاہ کی قیادت میں میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات کی اور انہیں کشتواڑ، ڈوڈہ، بھدرواہ اور ملحقہ علاقوںکی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کسی مخصوص خطے یا علاقے کی تحریک نہیں بلکہ یہ پورے جموںوکشمیر کے عوام کی مشترکہ تحریک ہے ،جس کیلئے ہر طبقے اور ہر علاقے کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ۔

ادھر حریت فورم کے ترجمان نے حال ہی میں کولگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ایک اہم مقصد کیلئے کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرر ہے ہیں ۔انہوںنے فورسز کے ہاتھوں دو عام شہریوں کو جاں بحق کرنے اور بلا جواز فائرنگ کے نتیجے میں درجنوں افرادکو زخمی اور پیلٹ گن کے وحشیانہ استعمال کی بھی شدید مذمت کی ۔