پہلا انٹر لوپ بلائنڈ تربیتی کیمپ برائے خواتین، قومی خواتین کھلاڑی پرسوں ایبٹ آباد روانہ ہوںگی

بدھ جون 12:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے زیر اہتمام پہلی انٹر لوپ بلائنڈ تربیتی کیمپ برائے خواتین کیلئے قومی کھلاڑی پرسوں جمعہ کو ایبٹ آباد روانہ ہوںگی۔ خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 30 جون سے شروع ہوگا جو 5 جولائی تک ایبٹ آباد میں جاری رہے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں32 کھلاڑی شرکت کریں گے ان میں بی ٹو میں لاہور سے رابعہ شہزادی، صباء گل ، مبین جاوید ، طیبہ ظفر، فرمینہ شیر، رینا شیر، بشریٰ ظہور، سعدیہ خالد، اقصیٰ عارف، سومیہ ممتاز، رابعہ جاوید ہاشمی،، روبینہ اسلم، فیصل آباد سے بی تھری میں کرن شہزادی، بی ٹو میں آرزو، اقصیٰ تبسم، ماریہ ارشد، راولپنڈی سے صباء شوکت بی تھری میں کرن رفیق، بی ون میں اسلام آباد سے نرما رفیق، بی ٹو میں کراچی سے ساجدہ بانو، انعم ذاکر، بی تھری میں ماریہ ذاکر، بی ون میں ہاوارا مرتضیٰ، بی ٹو میں انیلا رشید، بی ون میں لائبہ گنیانی، اٹک سے بی تھری میں طبیہ فاطمہ، بی ٹو میں ماریہ بی بی، بی ون میں آمنہ بی بی، بہاولپور سے بی تھری میں شبنم شریف جبکہ گوجرانوالہ سے اقراء عنایت، بی ٹو میں منزہ الیاس اور بشریٰ شہزادی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پی بی سی سی نے اسلام آباد، لاہور،، کراچی اور فیصل آباد میں خواتین کھلاڑیوں کے انتحاب کیلئے ٹرائلز لئے جن میں سے تربیتی کیمپ کیلئے 32 خواتین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔ تربیتی کیمپ میں قومی بلائنڈ خواتین کھلاڑیوں کو کوچ نفیس احمد جدید اور اعلی معیار کی تربیت دیں گے ۔ پی بی سی سی نے نفیس احمدکو قومی خواتین کھلاڑیوں کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے وہ کھلاڑیوں کو ایبٹ آباد میں جدید اور اعلی معیار کی تربیت دیں گے۔

اس تربیتی کیمپ کے بعد رواں سال ستمبر میں تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ لاہور میں شروع ہوگا جس میں 35 خواتین کھلاڑیوں کو ملک بھر سے مدعو کیا جائے گا۔ دونوں تربیتی کیمپ میں سے 25 کھلاڑیوں کا انتحاب کیا جائے گا جنہیں نیپال کے خلاف رواں سال ہوم سیریز میں میدان میں اتاریں گے۔ نیپال کی ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم رواں سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اپنے دورے کے دوران وہ پاکستان کی ویمنز خواتین ٹیم کے ساتھ 5 ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ اس حوالے سے نیپال کی بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین میجر پاون گیمرے اور پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ کے درمیان دورے کے حوالے سے بات چیت ہوچکی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان میچوں کی سیریز پاکستان کے مختلف شہروں میں ہوگی۔علاوہ ازیں تربیتی کیمپ میں 9 خواتین ٹرینرز کو بھی جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دی جائے گی۔