پولنگ کا وقت بڑھایا جائے۔۔۔

تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ جون 13:19

پولنگ کا وقت بڑھایا جائے۔۔۔
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا پاکستان تحریک انصاف کا مطالبہ مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ کا وقت قانون کے مطابق 8 گھنٹے مقرر ہے۔وقت بڑھانے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے لیکن فی الحال ضرورت نہیں ہے۔، وقت میں انتہائی مجبوری اور ضرورت کے تحت اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ پولنگ کے اوقات صبح 8 تا شام 5 سے زیادہ نہیں بڑھا سکتے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے ، لہٰذا گرمی کی شدت کے پیش نظر عام انتخابات میں پولنگ کا دورانیہ بڑھایا جائے ، گرم موسم کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد شام میں گھر سے نکلنے کو ترجیح دیتی ہے، اس لیے پولنگ کے وقت میں کم از کم تین گھنٹے کا اضافہ کیا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا کہ عوام کی آسانی کے لیے پولنگ کا وقت شام پانچ سے بڑھا کر رات آٹھ بجے تک کر دیا جائے تا کہ عوام کو سہولت ہو اور وہ اپنے گھروں سے نکل کر بڑی تعداد میں ووٹ ڈال سکیں۔ خط کے متن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ پولنگ کے وقت میں توسیع سےعوام بالخصو ص بیمار اور بزرگ افراد کے لیے آسانی ہو گی۔ تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پولنگ کے وقت میں اضافہ کرنے کا یہ مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ انتہائی مجبوری یا ضرورت کے تحت پولنگ کے وقت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور کمیشن کے پاس اس کے اختیارات بھی ہیں لیکن فی الحال ایسی ضرورت نہیں ہے۔