غیر ملکی سرمایہ کاری میں52فیصد اضافہ سے4 ارب ڈالر سے تجاوز کرنا خوش آئند ہے‘افتخار بشیر

سی پیک اور خصوصی اقتصادی زونز سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے، بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مستحکم اورزرمبادلہ کے ذخائربڑھیں گے ‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن

بدھ 27 جون 2018 13:37

غیر ملکی سرمایہ کاری میں52فیصد اضافہ سے4 ارب ڈالر سے تجاوز کرنا خوش آئند ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے رواں مالی سال کے 11ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں52فیصد اضافہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری4ارب76کروڑ ڈالر تک پہنچنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میںاضافہ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری افتخار بشیر نے کہا کہ براہ راست سرمایہ کاری میں چین سرفہرست ہے چین کی جانب سے ڈیڑھ ارب ڈالرسے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی انہوںنے کہا کہ سی پیک اور سی پیک روٹس پر خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور ان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات اور مفت زمین کی فراہمی سے دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کار ی سے ملک میں نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آئے گا جہاں ملازمتوں کے ہزاروں مواقع دستیاب ہونگے جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار میسر آئے گا اور بے روزگاری کے مسئلہ کو حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔