ڈیرہ اسماعیل خان: ایک ہی محلے کے 8 نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ

کچھ لڑکے عید کی چھٹیوں میں بلوچستان کے سرحدی مقام راغاسر بھی گئے تھے ،ْایس ایچ او

بدھ جون 14:08

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان کے محلہ حیات اللہ سے 8 نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ۔۔پولیس کے مطابق 20 جون کے بعد سے تھانے میں آٹھ لڑکوں کے لواحقین نے مختلف دنوں میں رپورٹ درج کرائی اس حوالے سے آخری رپورٹ گزشتہ روز درج کروائی گئی۔لڑکوں کے والدین نے تھانے میں رپورٹ درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کے بچے 20 جون کو ظہر کے بعد سے مختلف اوقات میں لاپتہ ہوگئے اور گھر واپس نہیں آئے۔

(جاری ہے)

لڑکوں کی عمریں 15 سے 20 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، جن میں سے زیادہ تر طالب علم ہیں۔۔پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔ایس ایچ او دم ساز خان کے مطابق پولیس لڑکوں کی تلاش میں ہے تاہم اب تک کوئی کامیابی نہیں مل سکی اور نہ ہی کسی بھی لڑکے نے والدین سے کوئی رابطہ کیا ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ 8 میں سے کچھ لڑکے آپس میں دوست اور کچھ محلہ دار ہیں۔ ایس ایچ او دم ساز نے بتایا کہ کچھ لڑکے عید کی چھٹیوں میں بلوچستان کے سرحدی مقام راغاسر بھی گئے تھے۔دوسری جانب اہل علاقہ نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ یہ نوجوان گھر والوں کو بتائے بغیر کسی ٹور پر نکل گئے ہوں تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔