ٹرائی اینگولر ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز، قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا کل آخری روز ،ٹیم کل زمبابوے روانہ ہوگی

ہیڈ کوچ مکی آرتھرکی نگرانی میں کیمپ میں ٹریننگ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے دس بجے تک ہوگی اور اس کے بعد ٹیم کے کپتان سرفراز احمد میڈیا ٹاک کریں گے

بدھ 27 جون 2018 14:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جون2018ء) ٹرائی اینگولر ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگائے گئے تربیتی کیمپ کا آج بدھ کو آخری روز ہوگا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھرکی نگرانی میں کیمپ میں ٹریننگ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے دس بجے تک ہوگی اور اس کے بعد ٹیم کے کپتان سرفراز احمد میڈیا ٹاک کریں گے۔

ٹیم 28 جون کو زمبابوے کیلئے لاہور سے روانہ ہوگی۔، ٹرائی اینگولر سیریز اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پندرہ رکنی ٹی ٹونٹی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان شنواری اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں جبکہ ون ڈے سکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم (فٹنس سے مشروط)ا?صف علی، سرفراز احمد کپتان، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، جنید خان، عثمان شنواری، یاسر شاہ، حسن علی، حسین طلعت اور حارث سہیل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ اپنے بائولنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد دونوں فارمیٹ میں آل رائونڈر کی حیثیت سے کھیلیں گے، ان کا بائولنگ ایکشن حال ہی میں کلیئر ہوا ہے۔ پاکستان زمبابوے اور آسٹریلیا کے مابین ٹرائی اینگولر ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز یکم جولائی سے آٹھ جولائی تک اور زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 13جولائی سے شروع ہوگی، ون ڈے میچز کوئنز سپورٹس کلب بلاویئو میں 13، 16، 18، 20 اور 22 جولائی کو کھیلیں جائیں گے۔۔