نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر سامان کی تاخیر سے متعلق ویڈیو کلپ پُرانا ہے

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ سے متعلق ترجمان پی آئی نے وضاحت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جون 2018 14:15

نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر سامان کی تاخیر سے متعلق ویڈیو کلپ پُرانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2018ء) : نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر سامان تاخیر سے آنے پر مسافروں نے سابق حکومت اور پی آئی اے انتظامیہ کو خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تاہم اس ویڈیو سے متعلق اب پی آئی اے ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسافروں کے سامان کی تاخیر سے متعلق وائرل ویڈیو کلپ پُرانا ہے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کا پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے فوری نوٹس لیا تھا۔ ترجمان کے مطابق نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر تعینات پی آئی اے ملازمین کو مسافروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اسلام آباد کے نئے ائیر پورٹ کا بنیادی ڈھانچہ ملک کے دوسرے ائیر پورٹس سے مختلف ہے اور اس کی وجہ سے درپیش مسائل کے حل کے لیے پی آئی اے سول ایوی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے تمام شعبہ جات میں بتدریج بہتری لا رہی ہے جس میں نظم و ضبط کی پابندی اور اضافی افرادی قوت کی فراہمی اور گراؤنڈ ہینڈلنگ مشینری میں اضافہ بھی شامل ہے۔ خیال رہے کہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ اپنے افتتاح کے بعد سے ہی خبروں کی زینت رہا ہے جس کی وجہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات اور ان کا سامان گُم ہونے جیسی پریشانیوں کا سامنا ہے۔

گذشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں لندن سے آنے والی ایک پرواز کے مسافروں کو سامان کی گمشدگی کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، اس ویڈیو میں لندن سے اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کرنے والے کئی مسافروں نے انتظامیہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور نواز شریف سمیت تمام شریف خاندان کو گالیاں تک دیں۔

ویڈیو میں موجود مسافروں نے بتایا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر چار پروازوں نے لینڈ کیا لیکن کسی ایک پرواز کے مسافروں کا بھی سامان ابھی تک نہیں آیا اور مسافر اپنے سامان کے انتظار میں ائیر پورٹ پر ہی انتظار کر رہے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ اس موقع پر ائیر پورٹ انتظامیہ کا بھی کوئی اہلکار موجود نہیں تھا جو مسافروں کو سامان سے متعلق آگاہ کرتا۔ ائیر پورٹ پر مسافروں کے ساتھ ساتھ پائلٹس کو بھی کھڑا ہوا دیکھا گیا لیکن انہوں نے ائیر پورٹ کے عملے سے کوئی بھی سوال کرنے سے گریز کیا۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھہ نہ صرف آگ بگولہ ہوئے بلکہ انہوں نے بھی گذشتہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بُرا بھلا کہا تھا۔