متحدہ عرب امارات کا غیر ملکی ملازمین کی بھرتی کے لیے چار نئے فیس پیکجز کا اعلان

غیر ملکیوں کی بھرتی پر آجروں سے مناسب فیسیں وصول کی جائیں گی، محکمہ امور ملازمین

بدھ 27 جون 2018 14:40

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی ملازمین کی بھرتی کے حوالے سے چار مختلف فیس پیکجز کا اعلان کردیا جو 11 تدبیر سروس سینٹرز سے دستیاب ہوں گے۔وزارت انسانی وسائل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان پیکجز کا اطلاق پہلی دفعہ کیا جارہا ہے جن کے تحت ملک میں کام کے لیے غیر ملکیوں کی بھرتی پر بھرتی کرنے والوں سے مناسب فیسیں وصول کی جائیں گی۔

محکمہ امور ملازمین کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری خلیل ابراہم خوری نے بتایا کہ غیر ملکیوں کی بھرتی کے حوالے سے انتہائی مناسب فیس پیکیجز رکھے گئے ہیں۔پہلے پیکیج کے تحت فلپائنی ورکرز کی بھرتی پر 14ہزار درہم، انڈونیشین و سری لنکن 15 ہزار، ایتھوپین 5 ہزار، کینیا و یوگنڈا 6500 ، بھارتی 2 ہزار ، بنگلہ دیشی 7 ہزار اور نیپالی ورکرز کی بھرتی پر 14500 درہم فیس وصول کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ فیس حکومت کی جانب سے ویزا انٹری، رہائش اور میڈیکل چیک اپ کی فیس کے علاوہ ہوگی۔دوسرے پیکیج کے تحت ایسے ورکز جو 6 ماہ کے کنٹریکٹ پر رجسٹرڈ ہیں انھیں مدت کے اختتام پر مقامی آجر یا میزبان خاندانوں کے لیے بطور مقامی کارکن کام کی اجازت ہوگی تاہم اس کے لیے فریقین کی رضامندی لازمی ہے۔پیکیج کے تحت ورکرز کو کنٹریکٹ کے اختتام پر فیس ادا کرنی ہوگی۔

یہ فیس فلپائنی ورکرز کے لیے 8 ہزار درہم، انڈونیشین فلپائنی اور سری لنکن اور بنگلہ دیشیوں کے لیے 4500 درہم، کینیا و یوگنڈا کے لیے 3500 درہم جبکہ نیپالی و بھارتیی ورکرز کے لیے 6 ہزار درہم رکھی گئی ہے۔ایسے ورکرز جو اس پیکیج کو ماہانہ بنیادوں پر منتخب کریں گے انھیں بھی مخصوص فیس ادا کرنی ہوگی جو فلپائنی و انڈونیشین ورکرز کے لیے 2500 درہم، سری لنکن 2200 ، بنگلہ دیش، کینیا، نیپال اور بھارت کے لیے 2250 جبکہ ایتھوپین اور یوگنڈا کے ورکرز کو 2300 درہم 6 ماہ کی تکمیل پر ادا کرنی ہوگی۔

تیسرے پیکیج میں وہ ورکرز شامل ہیں جنھیں دوسال کے عرصے کے لیے (عارضی بنیادوں پر) بھرتی کیا گیا ہے، انھیں مذکورہ عرصے کے بعد اپنے آجر یا میزبان فیملی کے لیے بطور رہائشی ورکر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس پیکیج کے تحت فلپائنی و انڈونیشین ورکرز کے لیے زیادہ سے زیادہ ماہانہ فیس 2500 درہم، سری لنکن، ایتھوپین اور یوگنڈا کے ورکز کے لیے 2300 درہم جبکہ کینیا، بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کے ورکرز کے لیے 2250 درہم رکھی گئی ہے۔

چوتھے پیکیج میں آجروں کے لیے لچکدار نظام کا اعلان کیا گیا ہے جو اپنی ضرورت کے مطابق ورکروں کو فی گھنٹہ، یومیہ اور ہفتے کی بنیاد پر بھرتی کرسکیں گے۔پیکیج کے تحت انھیں تمام ملکوں کے ورکرز کو 4 گھنٹوں کا معاوضہ 120 درہم، 8 گھنٹوں کے 200 ، ہفتے کے 1120 درہم اور 30 دن کا معاوضہ 3500 درہم ادا کیا جائے گا، اس کے علاوہ 6 ماہ کے لیے ماہانہ معاوضہ 3250 درہم جبکہ 12 ماہ تک ماہانہ معاوضہ 3000 درہم دیا جائے گا۔