پاکستان میں رہنا کیسا لگتا ہے ،مکی آرتھر نے بتا دیا

پاکستان میں سب سے زیادہ کس چیز سے متاثر ہیں،ہیڈ کوچ کا حیران کن انکشاف

بدھ 27 جون 2018 14:43

پاکستان میں رہنا کیسا لگتا ہے ،مکی آرتھر نے بتا دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جون 2018 ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود کو پاکستان میں کبھی غیر محفوظ تصور نہیں کیا بلکہ انہیں یہاں بہت پیار ملا ہے۔ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ انٹر ویو کے دوران مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ وہ یہاں کے کلچر سے بہت متاثر ہوئے جس میں ایک دوسرے کی بہت عزت کی جاتی ہے، کھلاڑی بڑوں کی عزت کرتے ہیں اور یہ سب کچھ اس کلچر سے ذرا مختلف ہے جہاں سے وہ آئے ہیں ۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے اقدار اور اخلاق بہترین ہیں اور وہ اس سے بے انتہا لطف اندوز ہوتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے بتایا کہ انہوں نے کچھ اردو کے الفاظ بھی سیکھ لیے ہیں جیسے پانی، شکریہ اور کچھ ایسے ہیں جو ٹیلی ویژن پر نہیں بتا سکتا۔

(جاری ہے)

زندہ دلوں کے شہر لاہور کی تعریف کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ لاہور مختلف ثقافتوں والا شہر ہے جہاں اچھے ریسٹورینٹس اور کھانے ہیں اور خاص طور پر بریانی جو وہ کھلاڑیوں کو زیادہ کھانے نہیں دیتے کیوں کہ یہ ان کے سکن کے لیے اچھی نہیں ہے ۔

لیگ سپنر شاداب خان کے ساتھ لگائی گئی شرط کے سوال پر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ وہ انہیں اب بھی شرط یاد دلاتے رہتے ہیں ،ٹیم کے کھلاڑی ان سے ہنسی مذاق بھی کرتے ہیں لیکن انہیں کوچ اور کھلاڑی کے تعلق کی حساسیت کا علم ہے اور اس کا لحاظ بھی رکھتے ہیں ۔”تنازعات کے شہنشاہ “عمر اکمل سے متعلق سوال پر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اب میں اس حوالے سے خاموش رہوں گا کیوں کہ اگر کوئی بات کی تو وہ ہیڈ لائنز بن جائے گی۔پاکستانی میڈیا کے بارے میں کیے گئے سوال پر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کئی صحافی بہت اچھے ہیں مگر کچھ مشکلات پیدا کرنے والے بھی ہیں۔