عراق میں داعش کے ہاتھوں سکیورٹی اہلکاروں کے اغوا کے بعد متعدد مشتبہ افراد گرفتار

بدھ 27 جون 2018 15:00

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) عراق میں داعش کے جنگجوؤں نے چھے سکیورٹی اہلکاروں کو ؛ یرغمال بنا رکھا ہے جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اس واقعے کے الزام میں متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔داعش کے جنگجوؤں نے ان چھے سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کے بعد ہفتے کے روز دھمکی دی تھی کہ اگر جیلوں میں قید سٴْنی خواتین کو رہا نہ کیا گیا تو انھیں قتل کر دیا جائے گا۔

عرب ٹی وی کے مطابق داعش نے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی ۔اس میں یہ چھے افراد خود کو پولیس اور شیعہ ملیشیاؤں پر مشتمل الحشد الشعبی کے ارکان کے طور پر متعارف کرا رہے ہیں۔الحشد الشعبی نے عراق میں داعش کے خلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔داعش کے جنگجوؤں نے ان اہل کاروں کو بغداد کو ملک کے شمالی صوبے کرکوک سے ملانے والی مرکزی شاہراہ سے اغوا کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس شاہراہ پر داعش کے جنگجوؤں نے عراقی فورسز پر حالیہ ہفتوں کے دوران میں متعدد حملے کیے ہیں۔عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے اتوار کو سکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہوں کے ایک اجلاس کی صدارت کی تھی ۔انھوں نے سکیورٹی حکام کو شاہراہوں اور مسافروں کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی فورس کی تشکیل کا حکم دیا تھا۔عراقی سکیورٹی فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ اس فورس نے دہشت گرد اور جرائم پیشہ گروہوں میں شامل عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ صوبہ کرکوک میں ایک شاہراہ پر اغوا کے حالیہ واقعے میں ملوّث تھے۔