سری لنکا نے کالی آندھی کو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم، جیسن ہولڈر میچ اور شین ڈورچ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 27 جون 2018 15:00

برج ٹائون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی، آئی لینڈرز نے 144 رنز کا ہدف میچ کے چوتھے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 81 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد کوسل پریرا اور دلرووان پریرا حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ میں 63 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر کالی آندھی کا نہ صرف میچ بلکہ سیریز جیتنے کا خواب پاش پاش کر دیا، جیسن ہولڈر کی غیرمعمولی بائولنگ بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، انہوں نے دونوں اننگز میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ہولڈر میچ اور شین ڈورچ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

برج ٹائون میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے 81 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو کوسل مینڈس 25 اور دلروون پریرا ایک رن پر کھیل رہے تھے اور آئی لینڈز کو فتح کیلئے مزید 63 رنز درکار تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں ہولڈر نے کوسل مینڈس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، مینڈس 25 رنز بنا سکے، اس موقع پر کوسل پریرا اور دلروون پریرا کالی آندھی کے بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ میں 63 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، اسطرح ویسٹ انڈیز کا سیریز جیتنے کا خواب ادھورہ رہ گیا، پریرا 28 اور دلروون پریرا 23 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ہولڈر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کیمر روچ نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :