ایشین گیمزمیں پاکستانی ویمن باکسرزڈیبیوکیلئے تیار

بدھ 27 جون 2018 15:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) پاکستانی خواتین باکسرز پہلی بار ایشین گیمز میں حصہ لیں گی علاقائی کھیلوں کا یہ میلہ انڈونیشیا کے جکارتہ کے دو شہروں میں 18اگست سے 2ستمبر تک سجایا جائے گا۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف)کے سیکٹریٹر ناصراعجاز تونگ کے مطابق گیمز میں شرکت کیلیے پاکستانی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں زور وشور سے جاری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم گیمز کیلئے جو ٹیمیں اس بار بھیجیں گے اس میں خواتین بھی شامل ہوں گی، جو گیمز میں ڈیبیو کریں گی، ہم خواتین باکسنگ میں اپنی دو باکسرز کو بھیجیں گے، ہمیں ان سے میڈلز کی توقع تو نہیں لیکن ہم اس سلسلے کی شروعات کرنا چاہتے ہیں، ہم ان سے بہتر پرفارمنس کی توقع رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

کیمپ میں ایشین گیمز کیلیے 5 مرد باکسر کو بھی شامل کیاگیا ہے ابھی تک کیمپ میں 18 مرد اور 5 خواتین باکسرز ترتبیت جاری رکھے ہوئے ہیں، انھوں نے مزید بتایاکہ ایشین گیمز کی تیاریوں کیلیے ہم اپنی ویمنز ٹیم کو آئندہ ماہ ایران بھجوانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم اس کیلیے ہم ایران سے تصدیق کیے جانے کا انتظار کررہے ہیں، ایرانی ٹیم سردست تھائی لینڈ میں ہے، جیسے ہی وہ وطن واپس آئیں گے ہم اپنی ٹیم وہاں بھیج دیں گے، پاکستانی مینز ٹیم کو 19 جون سے جرمنی میں شروع ہونے والے ایونٹ میں شرکت کرنا تھی لیکن انھیں ویزے نہیں مل پائے۔