سعودی عرب، امداد سے لدے تین طیارے یمن روانہ

سعودی طیاروں پر 70 ٹن وزنی خیمے ، کمبل اور خوراک کی اشیا بھیجی گئی ہیں

بدھ 27 جون 2018 15:00

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) سعودی عرب نے امداد سے لدے تین طیارے یمن روانہ کر دیئے،سعودی طیاروں پر 70 ٹن وزنی خیمے ، کمبل اور خوراک کی اشیا بھیجی گئی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور ریلیف نے امدادی سامان سے لدے تین طیارے یمن کے جنوبی شہر عدن بھیجے ہیں جہاں سے اس امدادی سامان کو ساحلی شہر الحدیدہ منتقل کیا جائے گا۔

شاہی دیوان کے مشیر اور شاہ سلمان ریلیف مرکز کے نگرانِ اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر یمن میں جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے ایک امدادی پل قائم کردیا گیا ہے اور الحدیدہ سمیت جنگ سے متاثرہ علاقوں میں یمنیوں کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عدن اترنے والے سعودی طیاروں پر 70 ٹن وزنی خیمے ، کمبل اور خوراک کی اشیا بھیجی گئی ہیں اور انھیں الحدیدہ میں سب سے زیادہ متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

خبر کے مطابق عرب اتحادی افواج کی ایک میڈیکل ٹیم حوثیوں سے آزاد کرائے گئے یمن کے مغربی ساحل علاقوں میں یمنی خاندانوں اور بچوں کو طبی خدمات مہیا کررہی ہے۔ اس ٹیم نے بتایا ہے کہ خواتین ، بچوں اور ضعیف العمر افراد کو ان کے دور دراز علاقوں میں گھر گھر جاکر طبی خدمات مہیا کی جارہی ہیں اور مختلف دائمی ا مراض میں مبتلا افراد کا علاج کیا جارہا ہے۔