نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے‘وفاقی وزیر صحت

حکومت نرسنگ فورم قائم کرررہی ہے،جو اسلام آباد میں وزارت قومی صحت سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈی نیشن میں قائم ہوگا

بدھ 27 جون 2018 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) وفاقی وزیر صحت محمد یوسف شیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور یہ کہ نرس صحت کے فروغ،بیماری کی روک تھام اور علاج میں اہم کردار اداکرتی ہیں ،صحت کے پیشہ وروں کے طور پر جو کمیونٹی کے قریب ہوتے ہیں وہ کمیونٹی کی بنیاد پر دیکھ بھال کے نئے ماڈلز کو رائج کرنے ،صحت کے فروغ اور بیماری کو روکنے کیلئے کوششوں کے فروغ میں اہم کردار اداکرتے ہیں ،اسی تناظر میں حکومت نرسنگ فورم قائم کرررہی ہے،جو اسلام آباد میں وزارت قومی صحت سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈی نیشن میں قائم ہوگا ،وزارت فورم کو کام کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی اور پالیسیوں کی تشکیل وسیع تر مشاورت کے بعد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فورم ملک میں نرسوں کے سٹیٹس کو مزید بلند کرکے صحت کے شعبہ کو بہتر بنائے گا ،پالیسی سازی میں نرسوں کو شامل کیا جائے گا،گلوبل تحریک کے تربیت، تعمیر ،نرسوں کو رول ماڈل اور راہنمائی کیلئے حصہ بنانا ،خواتین کو نرسنگ کے شعبہ میں شامل ہونے اور اس کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے،وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کو عملی شکل دینے کے لیے جلد ہی سٹیک ہولڈرز کی قومی میٹنگ بلائی جائیگی اس کے علاوہ سطح پر صوبائی اجلاس بھی منعقد کیے جائینگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نرسوں کی حوصلہ افزائی اور نرسنگ کے پیشہ کی حمایت کو بہتر بنانے کیلئے شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی۔21ویں صدی کی بدلتی ضروریات مطابق مستقبل میں نرسوں کا اہم کردار ہے بیماریوں سے بچائو اور روک تھام پر بڑھتی توجہ اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کے ساتھ ،یہ تمام ایسے شعبے ہیں جہاں نرس ایک اہم کردار اداکرسکتی ہے،تاہم نرسوں کی زیادہ سے زیادہ شراکت کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ ان کی مناسب پالیسی وفیصلہ سازی میں شامل ہوں۔

نرسنگ فورم عالمی تحریک نرسنگ نائو کے ساتھ مل کر کام کرے گا جس کا مقصد دنیا بھر میں شراکت داروں کیساتھ مل کر نرسوں کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے۔ نرسنگ نائو صحت کے راہنمائوں کی نرسنگ میں نگہداشت اور نئے ماڈل متعارف کرانے میں حوصلہ افزائی کرے گا جو یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول میں نرسوں کی شرکت کو ممکن بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :