الیکشن کمیشننیمحکمہ زراعت کے افسران کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانیپر سیکر ٹری زراعت سے ر پو رٹ طلب کر لی

بہاولپور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ریٹرنگ افسر کے فرائض انجام دئیے ، گزشتہ چودہ ماہ سے معطل ہوں،حلقے سے منتخب اور صوبائی وزیر ملک اقبال نے مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، در خواست گزار

بدھ 27 جون 2018 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے محکمہ زراعت کے افسران کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے معاملہ پر سیکریٹری زراعت کو انکوائری مکمل کر کے دو جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیا ۔بدھ کو الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن کی سماعت ہوئی ،، درخواست گزار غلام حسین اور محکمہ زراعت کی جانب سے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ میں بہاولپور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ریٹرنگ افسر کے فرائض انجام دئیے۔

میں گزشتہ چودہ ماہ سے معطل ہوں۔ ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ آپ کون سے گریڈ میں ہیں اور کس وزیر نے آپ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ درخواست گزار نے کمشن کو بتایا کہ میں زراعت کے محکمہ میں ڈائریکٹر اور انیس گریڈ کا افسر ہوں۔

(جاری ہے)

حلقے سے منتخب اور صوبائی وزیر ملک اقبال نے مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ بلدیاتی انتخابات دوہزار پندرہ اور سولہ میں ریٹرنگ افسر تھا اور حلقے میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی بھی کرائی۔ میری درخواست ہے کہ مجھے محکمے میں دوبارہ بحال کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری زراعت کو طلبی کا نوٹس جاری کر تے ہوئے سیکریٹری زراعت کو انکوائری مکمل کر کے دو جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیا ،، الیکشن کمیشن نے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔