انسٹاگرام صارفین کے لیے اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری

انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے گروپ چیٹ ویڈیو کالز کی سہولت متعارف کروا دی گروپ ویڈیو چیٹ فیچر سے بیک وقت چار صارفین ویڈیو کال کر سکیں گے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 27 جون 2018 15:24

انسٹاگرام صارفین کے لیے اب تک کی سب سے بڑی خوشخبری
نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جون 2018ء) انسٹا گرام کو دنیا کی معروف و مقبول سوشل میڈیا ایپ اور ویب سائٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔2010 میں وجود پانے والی سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام فیس بک کی ملکیت ہے۔ تازہ ترین اور دستیاب معلومات کے مطابق دنیا بھر میں انسٹا گرام کے صارفین کی تعداد 80کروڑ ہے۔۔دنیا بھر میں موجود کروڑوں صارفین اپنی اس من پسند سوشل میڈیا ایپ اور ویب سائٹ کو اپنی تصاویر شئیر کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

انسٹا گرام انتظامیہ ایپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے نت نئی تبدیلیاں کرتی رہتی ہے۔ان تبدیلیوں کو عموما صارفین کی جانب سے بہت پسند بھی کیا جاتا ہے۔ انسٹا گرام کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی سہولتوں کے باعث اب اس کا استعمال مزید آسان ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انسٹا گرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کروا دی ہے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ میش ایبل کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام نیا گروپ ویڈیو چیٹ فیچر آج سے متعارف کر رہا ہے جس میں بیک وقت 4 لوگ ویڈیو چیٹ کرسکیں گے۔

اس فیچر میں اضافی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کے تحت دوران چیٹ با آسانی تصاویر اور اسٹوریز پوسٹ کی جا سکتی ہے یا پھر انسٹا فیڈز بھی براؤز کی جا سکتی ہے۔ فی الحال یہ فیچر آزمائشی طور پر چند صارفین کے لیے جاری کیا گیا جب کہ ممکن ہے کہ کل تک اسے تمام صارفین استعمال کرسکیں گے۔یاد رہے اس سے قبل انسٹا گرام اپنے صارفین کے لیے ایک اور سہولت بھی متعارف کرا چکے ہے جس کے تحت انسٹاگرام صارفین ایک منٹ سے زائد کی ویڈیو اپلوڈ کر سکتے ہیں۔

۔ یوٹیوب کے مقابلے میں انسٹا گرام نے اپنا آئی جی ٹی وی متعارف کروانے کا فاصلہ کرلیاتھا۔آئی جی ٹی وی ایک نئی ایپلی کیشن ہے، جہاں صارفین ایک منٹ سے زیادہ دیر کی ویڈیوز اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ انسٹاگرام کے سی ای او کیون سسٹروم نے ایک تقریب میں یہ ایپلی کیشن متعارف کرائی۔ اس ایپ میں صارفین ایک گھنٹے تک کی ویڈیوز اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس ایپ میں صارفین براہ راست یا انسٹاگرام سے بھی ویڈیو اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔

اس ایپ میں چونکہ ہر چیز موبائل سے متعلقہ ہے اس لیے اس میں اپ لوڈ ہونے ویڈیوز پورٹریٹ موڈ میں ظاہر ہونگی۔س ایپلی کیشن میں طویل ویڈیوز کی تیاری کے لیے کئی نئے ٹولز شامل کیے گئے ہیں۔آئی جی ٹی وی میں انسٹاگرام کے دوسرے فیچرز بھی مربوط کیے گئے ہیں۔ آپ سٹیکرز اور فلٹرز استعمال کرنے کے علاوہ ویڈیوز کو میسجز میں بھی شیئر کر سکتے ہیں۔