توانائی بحران کے خاتمہ ،زرعی و صنعتی پیداوار میں اضافہ کیلئے بڑے آبی ذخائر تعمیر کیے جائیں ‘عارف قاسم

کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے سے کوششیں کی جائیں،پانی بحران سے نمٹنے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کیا جائے،کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ہی سستی بجلی کا حصول اور توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا، صدربورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ

بدھ جون 15:41

توانائی بحران کے خاتمہ ،زرعی و صنعتی پیداوار میں اضافہ کیلئے بڑے آبی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جون2018ء) سابق صدر بورڈ آف مینجمنٹ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور عارف قاسم نے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمہ اور زرعی و صنعتی پیداوار میں اضافہ کیلئے بڑے آبی ذخائر تعمیر کیے جائیں ،،بھارت کی جانب سے پاکستانی پانی روکنے کے باعث ملک میں پانی کا بحران ہے اس لیے پانی کو ذخیرہ کرنے اور اس کے ضیاع کو روکنے کی ضروت ہے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے سے کوششیں کی جائے اور پانی بحران سے نمٹنے کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عارف قاسم نے کہا کہ بڑے آبی ذخائر کی تعمیر میں مزید تاخیر ملک کی زرخیز زمینوں کو بنجر بنادے گی کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر تمام صنعتکار تنظیمیں اور کاروباری اداروں نے متفقہ طور پر قراردادیں منظور کرکے حکومت کو سفارشات پیش کردی ہیں کالا باغ ڈیم ہی واحدقابل عمل اور جلد مکمل ہونے والا منصوبہ ہے جس سے 3600میگا واٹ اڑھائی روپے یونٹ والی بجلی سسٹم میں شامل ہوگی اور دریائوں میں سارا سال زراعت کیلئے بھی پانی دستیاب رہے گا ۔

(جاری ہے)

زراعت ترقی کرے گی تو صنعتوں کو وافر خام میاں دستیاب ہوگا اس لیے زراعت و صنعت کی ترقی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پر شروع کی جائے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ہی سستی بجلی کا حصول اور توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا۔